عربى |English | اردو 
Surah Fatiha :نئى آڈيو
 
Friday, April 26,2024 | 1445, شَوّال 16
رشتے رابطہ آڈيوز ويڈيوز پوسٹر ہينڈ بل پمفلٹ کتب
شماره جات
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
  
 
تازہ ترين فیچر
Skip Navigation Links
نئى تحريريں
رہنمائى
نام
اى ميل
پیغام
Dawaat_Ka_Minhaj آرٹیکلز
 
مقبول ترین آرٹیکلز
”بنیادی جمعیت“ جو معاشرے پر اثر انداز ہو- حصہ اول
:عنوان

:کیٹیگری
حامد كمال الدين :مصنف

”بنیادی جمعیت“

جو معاشرے پر اثر انداز ہو- حصہ اول

 

محتاج بیان نہیں کہ ہر رسول اپنی رسالت اور اپنے مشن کا خود ہی عنوان ہوا کرتا ہے۔ وہ خود ہی ایک ایسا نمونہ ہوتا ہے جسے اس کے پیروکاروں کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنا ہوتا ہے۔ ان کو حتی الوسع یہ کوشش کرنی ہوتی ہے کہ اپنے اس نبی کے اقول وافعال اور حرکات وسکنات ہی کا عملی مظہر بنیں اور اس کے امر ونہی کو حقیقت میں تبدیل کر دیں۔ ہر رسول کے پیروکاروں کو یہی کام کرنا ہوتا ہے۔

وَمَا أَرْسَلْنَا مِن رَّسُولٍ إِلاَّ لِيُطَاعَ بِإِذْنِ اللّهِ(لنساء: 64)

ہم نے جو کوئی بھی رسول بھیجا وہ اسی لئے تو بھیجا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے اس کی فرمانبرداری کی جائے

وَمَا أَرْسَلْنَا مِن رَّسُولٍ إِلاَّ لِيُطَاعَ بِإِذْنِ اللّهِ(الحشر: 7)

جو کچھ رسول تمہیں دے وہ لے لو اور جس چیز سے وہ تم کو روک دے اس سے رُک جاؤ

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِّمَن كَانَ يَرْجُو اللَّهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللَّهَ كَثِيرًا(الاحزاب: 21)

دراصل تمہارے لئے اللہ کے رسول میں ایک بہترین نمونہ ہے، ہر اس شخص کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت کا امیدوار ہو اور کثرت سے اللہ کو یاد کرے

فاذا نهیتکم عن شیءفاجتنبوہ، واذا أمرتکم بامر فاتوامنه ما أستطعتم  (أخرجہ البخاری)

پس جب میں تم کو کسی بات سے روک دوں تو اس سے رک جایا کرو اور جب میں تمہیں کسی بات کا حکم دوں تو جہاں تک استطاعت ہو اس کو پورا کرو

پھر یہ بھی محتاج بیان نہیں کہ آخری رسالت سب رسالتوں میں ایک منفرد ترین رسالت ہے۔ کیونکہ اس پر دین کی تکمیل ہو گئی ہے۔ یہ پوری انسانیت کے لئے اتری ہے نہ کہ کسی خاص قوم کیلئے، جیسا کہ پچھلی رسالتوں میں ہوتا رہا ہے، اور پھر اس لئے بھی کہ یہ وہ رسالت ہے جو ایک بے مثال جامعیت رکھتی ہے اور انسانی زندگی کے سب جوانب کا احاطہ کرنے اور ہر پہلو سے انسانی زندگی پر حاکم بننے کے لئے اتاری گئی ہے۔ پھر یہ بعثتِ محمد ﷺ سے لے کر قیامت تک کے سب ادوار کیلئے انسانیت کو زندگی کا ایک مکمل ترین منہج عطا کرتی ہے۔

الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الإِسْلاَمَ دِينًا (المائدہ:3)

آج میں نے تمہارے دین کو تمہارے لئے مکمل کر دیا ہے اور اپنی نعمت تم پر تمام کر دی ہے اور تمہارے لئے اسلام کے دین ہونے پر رضا مند ہوا

قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللّهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا(الاعراف: 158)

اے محمد! کہو کہ : اے انسانو میں تم سب کی طرف خدا کا پیغمبر ہوں

وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ (الانبیاء: 107)

اے محمد! ہم نے آپ کو تمام جہان والوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے

وَأَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ بِالْحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ مِنَ الْكِتَابِ وَمُهَيْمِنًا عَلَيْهِ فَاحْكُم بَيْنَهُم بِمَا أَنزَلَ اللّهُ (المائدۃ: 48)

پھر اے محمد! ہم نے تمہاری طرف یہ کتاب بھیجی جو حق لے کر آئی ہے اور اپنے سے اگلی کتابوں کی تصدیق کرنے والی اور انکا احاطہ کرنے والی ہے

خدائی منصوبہ تھا کہ یہ سب امتیازات آخری رسالت کا خاصہ بنیں۔ ان سب امتیازات کے ساتھ ہی نبی آخر الزمان ﷺ کی بعثت عمل میں لائی گئی۔

مَّا كَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِكُمْ وَلَكِن رَّسُولَ اللَّهِ وَخَاتَمَ النَّبِيِّينَ (الاحزاب: 40)

(لوگو) محمد تمہارے مَردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، مگر وہ اللہ کے رسول اورخاتم النبیین ہیں

لا نبی بعدی (متفق علیہ)

میرے بعد اب کوئی نبی نہیں

’ختم رسالت‘ کا یہی تقاضا ٹھہرتا تھا کہ آخری رسالت میں نہ صرف لوگوں کی ہر وہ ضرورت پوری کر دی گئی ہو جو اس رسالت کے نزول کے وقت ان کو پیش آئے بلکہ اس میں ان سب ضرورتوں کو بھی بدرجۂ ا تم پورا کر دیا گیا ہو جو قیامت تک کبھی مستقبل میں بھی پیش آسکتی ہوں(1) یہاں تک کہ اگر لوگ اس رسالت اور اس مشن سے چمٹے رہیں تو کبھی خراب نہ ہوں اور نہ ہی اپنی دنیا و آخرت بنانے کیلئے وہ اس کے علاوہ کسی اور چیز کے کبھی ضرورت مند ہوں ۔

ترکت فیکم ما ان تمسکتم به لن تضلوا، کتاب للہ وسنتی (متفق علیہ)

میں تم میں ایک ایسی (زبردست) چیز چھوڑ کر جا رہا ہوں کہ اگر اس سے چمٹے رہو تو کبھی راستہ نہ بھٹکو، یہ ہے کتاب اللہ اور میری سنت

آخری رسالت کی اگر یہ شان ہے تو پھر یہ ایک طبعی بات تھی کہ خدا کا آخری رسول سب رسولوں میں عظیم الشان ہوتا۔ یہ وہ سب سے عظیم ہستی ہوتی جس نے اس زمین پر کبھی پاؤں دھرا ہو.... اور یہ کہنا بھی ہرگز بعید از حقیقت نہ ہو گا کہ وہ مرد صفت لوگ جنہیں رسول اللہ ﷺبنفس نفیس تربیت دی وہ ___اللہ کے رسولوں کے بعد___ تاریخ کے عظیم ترین لوگ ہیں۔

بطور عموم ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ اصول اور وہ انسانی قدریں جن پر تربیت کا کوئی عملی منہج مشتمل ہو اس معاملے میں گہری تاثیر کی حامل ہوتی ہیں کہ وہ کس نوعیت کے انسان تیار کریں گی۔ جس قدر یہ قدریں اوریہ اصول عظیم ہوں گے اتنے ہی زبردست معیار کے وہ لوگ ہونگے جو ان قدروں اور ان اصولوں سے ذہنی اور اخلاقی تربیت پا کر تیار ہوئے ہونگے.... ایک دوسرے پہلو سے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ مربی کی شخصیت بھی اس معاملے میں گہری تاثیر کی حامل ہوتی ہے کہ جو لوگ اس سے تربیت پائیں وہ کس معیار کے نکلیں گے۔ جس قدر عظیم مربی کی شخصیت ہو گی اتنے ہی عظیم المرتبت اور بلند خیال و بلند اخلاق وہ لوگ ہونگے جو اس سے تربیت پا چکے ہوں.... ایک تیسرے پہلو سے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ وہ فطری استعداد جو تربیت پانے والوں میں رکھی گئی ہو وہ اس معاملے میں گہری تاثیر کی حامل ہوتی ہے کہ وہ کسی مربی سے تربیت پا کر سیرت اور کردار میں عظمت کی کس حد کو پہنچ سکتے ہیں۔ جتنی تربیت پانے والوں کی فطری استعداد ہو گی اور جس قدر وہ نفس کے عیوب سے پاک ہو گی اتنی ہی اعلی تربیت ان لوگوں کی ہو سکے گی....اب اگر ہم ان تینوں بنیادی عناصر کو مدنظر رکھیں تو ہم ان بنیادوں کے بارے میں اپنا ایک ذہن بنا سکتے ہیں جن پر اس جمعیت کی تیاری عمل میں لائی گئی تھی جو آگے چل کر معاشرے پر اثر انداز ہوئی اور جو کہ رسول اللہ ﷺ نے بنفس نفیس تیار کی۔ ان تینوں عناصر کو سامنے رکھ کر ہم رسول اللہﷺ کے ہاتھوں تیار ہونے والی اس بنیادی جمعیت کے معیار اور نوعیت کا تعین بھی کر سکتے ہیں جس نے ایک محدود ترین عرصے میں تاریح کا رخ بدل دیا تھا۔

جہاں تک تربیت کے ان اصولوں کا تعلق ہے تو اس کی بابت یہی کہ دینا کافی ہے کہہ ان کی اساس اور ابتدا توحید ہے۔ یعنی لا الہ الا للہ۔ توحید ہی وہ چیز ہے جس نے اس امت کو وجود دیا اور ’خیرامت‘ کی حیثیت میں دنیا کو اس امت سے متعارف کرایا۔

كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ وَتُؤْمِنُونَ بِاللّهِ (آل عمران: 110)

تم بہترین امت ہو جو لوگوں (کی ہدایت و اصلاح) کیلئے میدان میں لائی گئی۔ تم نیکی کا حکم دیتے ہو، بدی سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو

البتہ یہ ’خیریت‘ یعنی اس امت کے’ بہترین ہونے‘ کی یہ صفت کسی اور میں اس درجہ کی نہ پائی گئی جس درجہ کی یہ اس بے مثال جمعیت میں پائی گئی جسے رسول اللہ ﷺ نے اپنے زیر نگرانی مکہ کے تربیتی مرحلے میں تیار کیا اور پھر مدینہ میں اسکے بقیہ حصے کی تکمیل کی....

توحید ___ اپنی اس حقیقت کے ساتھ جس کے ساتھ یہ نازل ہوئی اور جسے رسول ﷺ کے دل میں بٹھایا گیا اور جس پر پھر آپ نے اپنے ساتھیوں کو تربیت دی___ دراصل کائنات کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ اور یہ کائنات کی حقیقت میں وہ سب سے عظیم وصف ہے جو کائنات کی ساخت میں اصل محرک ہے اور انسانی نفوس کی تعمیر میں اصل عنصر۔

اللّهُ لا اِلَهَ اِلاَّهُوَ الْحَیُّ الْقَيُّوم  (آل عمران:2)

اللہ ہی وہ ذات ہے جس کے سوا بندگی کرانے کا کسی کو حق نہیں.... وہ زندہءجاوید ہستی جو تمام کائنات کو سنبھالے ہوئے ہے

کائنات اپنی فطرت میں عبادت کرنے والی ہے۔ انسان اپنی فطرت میں عبادت کرنے والا ہے۔ آسمان اور زمین خدا کے آگے مطیع و فرمانبردار ہیں۔ رہ گیا انسان جس کا ایک پہلو تو اسی طرح مطیع و فرمانبردار ہے مگر دوسرا پہلو استکبار اور پہلو تہی کر لیتا ہے:

ثُمَّ اسْتَوَى إِلَى السَّمَاء وَهِيَ دُخَانٌ فَقَالَ لَهَا وَلِلْأَرْضِ اِئْتِيَا طَوْعًا أَوْ كَرْهًا قَالَتَا أَتَيْنَا طَائِعِينَ (حم السجدۃ: 11)

پھر استوا کیا اس نے آسمان کی طرف جو کہ اس وقت محض دھواں تھا۔ پھر کہا اُس نے آسمان سے اور زمین سے: ”فرمانبرداری میں آجاؤ خواہ تم چاہو یا نہ چاہو“ دونوں نے کہا! ”ہم بخوشی فرمانبردار ہوئے“

أَلَمْ تَرَ أَنَّ اللَّهَ يَسْجُدُ لَهُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَمَن فِي الْأَرْضِ وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ وَالنُّجُومُ وَالْجِبَالُ وَالشَّجَرُ وَالدَّوَابُّ وَكَثِيرٌ مِّنَ النَّاسِ وَكَثِيرٌ حَقَّ عَلَيْهِ الْعَذَابُ  (الحج:18)

کیا تم دیکھتے نہیں ہو کہ اللہ کے آگے سربسجود ہیں وہ سب جو آسمانوں میں ہیں اور جو زمین میں ہیں، سورج اور چاند اور تارے اور پہاڑ اور درخت اور جانور اور بہت سے انسان۔ اور بہت سے وہ بھی ہیں جن پر عذاب کا مقولہ ثابت ہو چکا ہے

انسان کی فطرت طبعاً موحد ہے:

فَأَقِمْ وَجْهَكَ لِلدِّينِ حَنِيفًا فِطْرَةَ اللَّهِ الَّتِي فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا لَا تَبْدِيلَ لِخَلْقِ اللَّهِ ذَلِكَ الدِّينُ الْقَيِّمُ وَلَكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُونَ(الروم: 30)

پس تم یکسو ہو کر اپنا رخ اس دین کی سمت میں جما دو۔اس فطرت کو قائم کرتے ہوئے جس پر اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو پیدا کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بنائے کو بدلنا نہیں۔ یہی سیدھا دین ہے لیکن اکثر لوگ نہیں سمجھتے

وَإِذْ أَخَذَ رَبُّكَ مِن بَنِي آدَمَ مِن ظُهُورِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ وَأَشْهَدَهُمْ عَلَى أَنفُسِهِمْ أَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ قَالُواْ بَلَى شَهِدْنَا (الاعراف: 172)

 

وہ وقت جبکہ تمہارے رب نے بنی آدم کی پشتوں سے ان کی نسل کو نکالا تھا اور انہیں خود انکے اوپر گواہ بناتے ہوئے پوچھا تھا: ”کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں“ انہوں نے کہا: کیوں نہیں۔ ہم سب گواہ بنتے ہیں

کل مولود یولد علی الفطرۃ (البخاری)

ہر نومولود فطرت پر ہی پیدا ہوتا ہے

انی خلقت عبادی حنفاءکلھم (مسلم)

میں نے اپنے سب بندے طبعا موحد پیدا کئے ہیں

مگر خدا کا انسان کیلئے ایک فضل اور تکریم تھی کہ اس نے نہ چاہا کہ انسان کو بزور توحید پر چلائے جیسا کہ اس نے دوسری مخلوقات کو بزور اپنے حکم کا مطیع کر رکھا ہے۔ اس کی بجائے انسان کو اوروں پر فضیلت اور اعزاز دیا ہے۔

وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ وَحَمَلْنَاهُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنَاهُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَى كَثِيرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِيلاً (الاسراء: 70)

یقینا ہم نے اولاد آدم کو بڑی عزت دی اور ان کو خشکی و تری میں سوار کرایا اور انکو پاکیزہ نعمتوں سے روزی پہنچائی اور اپنی بہت سی مخلوقات پر نمایاں فوقیت بخشی

یہ تکریم ہی کا ایک مظہر ہے کہ انسان کو چناؤ کی آزادی دے دی گئی ہے۔

وَنَفْسٍ وَمَا سَوَّاهَا۔ فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا۔قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا۔ وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا۔(الشمس : 7۔10)

قسم ہے نفس انسانی کی اور اس کی موزوں ترین ساخت دینے کی ۔ پھر سمجھ دی اس کو بدکاری کی اور (بڑائی سے) بچ نکلنے کی۔ جس نے اسے پاک کیا وہ کامیاب ہوا اور جس نے اسے خاک میں ملا دیا وہ ناکام ہوا

باوجود اس کے کہ یہ آزادی انسان کیلئے ایک اعزاز ہے جو اللہ تعالیٰ نے بطور خاص انسان کو دیا پھر بھی بعض فطرتیں بگڑ جاتی رہیں اور بجائے اس کے کہ اپنی اس آزادی کو ہدایت کا راستہ اور اس پر استقامت اختیار کرنے کیلئے استعمال کریں یہ اس آزادی کو خدا کی نافرمانی کیلئے استعمال کرنے لگیں اور اس کی عبادت سے بڑائی اختیار کر جاتی رہیں، جس کے نتیجے میں لوگوں میں کچھ مومن ہوئے اور کچھ کافر۔

هُوَ الَّذِي خَلَقَكُمْ فَمِنكُمْ كَافِرٌ وَمِنكُم مُّؤْمِنٌ وَاللَّهُ (التغابن: 2)

وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا۔ پھر تم میں سے کوئی کافر ہے اور کوئی مومن

چنانچہ ایمان لانے والے لوگ اپنی سلیم فطرت پہ چلنے والے ہوئے اور اپنے ایمان میں پائی جانے والی سچائی اور رسوخ اور مضبوطی کے بقدر، خدا کی جانب بڑھنے والوں میں رفعت اور منزلت پانے لگے اور اس مقصد کی طرف گامزن ہوئے جو کہ تمام کائنات کی تخلیق کی اصل غایت ہے اور جو کہ اس آیت میں بیان ہوئی:

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنسَ اِلَّا لِيَعْبُدُون(الذاریات: 56)

جنوں اور انسانوں کو میں نے اس کے سوا کسی کام کیلئے پیدا نہیں کیا کہ بس وہ میری بندگی کریں

یہ بندگی کو اللہ وحدہ لاشریک کیلئے خالص کر دینا.... یعنی ”توحید“ انسانی نفوس میں کیا تبدیلی لے آتی ہے؟

کیا آپ نے کبھی لوہے کا ٹکڑا دیکھا جس میں برقی رو گزار دی گئی ہو یا جس پر مقناطیس لگا دیا گیا ہو۔ لوہے کے اس ٹکڑے میں کیا تبدیلی آجاتی ہے؟ اس میں ___جیسا کہ طبیعات کا علم ہمیں بتاتا ہے___ اس کے سب ذرات ایک نئی ترتیب اختیار کر لیتے ہیں گویا لوہے کا وہی ٹکڑا ہے مگر اب اس کی ہستی کچھ اور ہے۔ اس میں ایک ایسی برقی اور مقناطیسی قوت آجاتی ہے جو اس سے پہلے نہیں تھی۔ یہ ایک ایسی قوت ہوتی ہے جو اب حرکت پیدا کر سکتی ہے جبکہ اس سے پہلے وہ بالکل بے جان تھا نہ خود ہل سکتا تھا اور کسی اور چیز کو ہلا سکتا تھا....

یہ طاقت جو لوہے کے اس ٹکڑے میں یک دم آگئی آخر اس کی ہستی میں اِس سے پہلے کہاں گم تھی؟ یہ بکھری ہوئی حالت میں تھی اور بے ربط تھی۔ اُس حالت میں نہ یہ ظاہر ہو سکتی تھی اور نہ عمل کر سکتی تھی۔ تب اِس قوت کا کوئی ایسا وجود نہ تھا جو کوئی واقعہ بن سکے اور دیکھنے اورمحسوس ہونے میں آسکے.... مگر اب یہ ایک خاص ترتیب سے جڑ گئی ہے۔ اب یہ ظاہر بھی ہونے لگی ہے۔ عمل بھی کرنے لگی ہے اور اس کے آثار عالم واقع میں بھی دیکھے جانے لگے ہیں۔

کچھ ایسا ہی واقعہ انسانوں میں بھی رونما ہوتا ہے جب اسلام کی بشاشت ان کے نفوس سے یکجا ہوتی ہے، جب انسانی نفوس توحید سے آشنا ہوتے ہیں اور جب لا الہ الا اللہ کے ساتھ ایمان لے آتے ہیں.... نفس کے بے ربط اور بے سمت عنصر مجتمع ہو جاتے ہیں اور انتشار سے نجات پا کر یکسو اور یک سمت ہو جاتے ہیں۔

مگر، ذرا ایک لمحہ رک کرذرا یہ بھی دیکھ لیں کہ یہ ’انتشار‘ نفوس میں کس طرح اثر انداز ہوتا ہے؟ کیا نفس انسانی طبعاً ایسی ہے یا یہ، جب یہ کسی نگہداشت اور ہدایت و راہنمائی کے بغیر چھوڑ دی جائے، تب ایسی ہو جاتی ہے، جب انسان اپنے نفس کو وہ پاکیزگی (تزکیہ) دینے میں غفلت برتتا ہے؟

وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا (الشمس: 10)

”کامیاب ہوا وہ جس نے اپنے نفس کو پاک کیا اور ناکام ہوا وہ جس نے اس کو خاک آلود کیا“۔

تب وہ انتشار پیدا ہوتا ہے جو مختلف معبودوں کے بیک وقت پیچھے چلنے سے جنم پاتا ہے.... یہ انتشار مختلف شہوات کے دباؤ سے وجود میں آتا ہے.... زندگی میں ایک متعین ہدف اختیار نہ کئے جانے کا نتیجہ ہوتا ہے.... یہ تین اسباب ___کم از کم___ ضرور ایسے ہیں جو انسانی نفوس میں انتشار کو جنم دیتے ہیں۔ پھر جونہی ایمان آتا ہے تو انتشار کے یہ اسباب عنقا ہونے لگتے ہیں۔ تب نفس انسانی اس انتشار سے سمٹ کر اور اس بے حالی سے نجات پا کر مجتمع ہوتی ہے اور اس کی ہستی ایک خاص ترتیب اور خاص حالت میں آجاتی ہے۔ تب یہ ایک زوردار قوت کی صورت دھار لیتی ہے۔ اب یہ خود حرکت کرتی ہے اور دوسروں کو حرکت دے سکتی ہے۔
عرب جاہلیت کا ایک انسان مختلف خداؤں کو پوجتا تھا جن میں سے کچھ تو ظاہر تھے جیسے کہ بت اورکچھ پوشیدہ تھے مثلاً قبیلہ اور باپ دادا کا راستہ....

جہاں تک بتوں کا معاملہ ہے تو وہ تو زبان زدعام ہے۔ یہاں تک کہ بادی النظر یہی لگتا ہے کہ شاید یہی بس وہ معبود تھے جو عرب جاہلیت میں خدا کے سوا پوجے جایا کرتے تھے مگر بغور دیکھنے والا یہ ادراک کئے بغیر نہیں رہتا کہ محض لکڑی پتھر کے بت ہی وہ معبود نہ تھے جو خدا کو چھوڑ کر پوجے جاتے تھے۔ مثلاً ایک جاہلی شاعر (درید بن الصمۃ) کایہ قول دیکھ لیں۔

وھل انا الا من غزیة ان غوت

 غویت وان ترشد أرشد

”میں (قبیلہ) غزیہ کا ایک حصہ ہی تو ہوں....وہ اگر ضلالت اختیار کرے تو میں ضلالت اختیار کروں گا اور اگر وہ راستی اختیار کرے تو میں راستی اختیار کر لوں گا“۔

’پیروکاری‘ میں پرستش اگر یہ نہیں تو پھر کیا ہے؟ آدمی جانتا ہے کہ اس کا قبیلہ گمراہی اور گم گشتگی پر ہے پھر یہ جانتے بوجھتے ہوئے اسی کی راہ اختیار کرتا ہے کیونکہ اس کے محسوسات میں وہ معبود کا درجہ رکھتا ہے جس کی کسی صورت مخالفت نہیں ہو سکتی۔ حق کا معاملہ ہو تب اور گمراہی کا معاملہ ہو تب۔

’باپ دادا کا راستہ‘ الگ سے ایک معبود تھا جس کی خدا کے سوا باقاعدہ پرستش ہوتی تھی۔

وَإِذَا قِيلَ لَهُمُ اتَّبِعُوا مَا أَنزَلَ اللّهُ قَالُواْ بَلْ نَتَّبِعُ مَا أَلْفَيْنَا عَلَيْهِ آبَاءنَا أَوَلَوْ كَانَ آبَاؤُهُمْ لاَ يَعْقِلُونَ شَيْئاً وَلاَ يَهْتَدُونَ (البقرہ: 170)

ان سے جب کہا جاتا ہے کہ اللہ نے جو شریعت نازل کی ہے اس کی پیروی کرو تو جواب دیتے ہیں کہ ہم تو اسی طریقے کی پیروی کریں گے جس پر ہم نے اپنے باپ دادا کو پایا ہے۔ اچھا اگر ان کے باپ دادا نے عقل سے کچھ بھی کام نہ لیا ہو اور راہ راست نہ پائی ہو تو کیا تب بھی ....؟

یہ باپ دادا کا راستہ ہی ہے جو ابو طالب کو اسلام قبول کرنے سے روک رکھتا ہے ___باوجود اس کے کہ وہ اپنے بھتیجے ﷺ سے محبت کرتا ہے،اس کی دیکھ بھال اور اس کا ازحد خیال رکھتا ہے اور کفار قریش سے ان کی حفاظت کرتا ہے___ محض اس ڈر سے کہ کہیں یہ نہ کہا جانے لگے کہ اس نے باپ دادا کی راہ ترک کر دی۔ اس پرستش سے بڑھ کر کیا پرستش ہو گی؟

جہاں تک دور حاضر کی جاہلیت میں رہنے والے ایک انسان کا تعلق ہے تو وہ البتہ جن معبودوں کو پوجتا ہے انکی تعداد بھی زیادہ ہے اور وہ مخفیت میں بھی عرب جاہلیت کے معبودوں کی نسبت بڑھ کر ہیں۔ ’قومیت‘ یا ’قومی مصلحت‘ پرانی عرب جاہلیت میں پائے جانے والے’ قبیلے‘ کا نیا متبادل ہے جو کہ اس سے بڑا بھی ہے اور اس سے خطرناک تر بھی۔ لوگوں کے ذہنوں پر اس کا نظریاتی تسلط بھی ’قبیلے‘ سے بڑھ کر ہے۔ ’عالمی رائے عامہ‘ آج ’باپ دادا کے راستے‘ کا متبادل ہے جو کہ اس سے بڑا بھی ہے اور اس سے خطرناک تر بھی۔ اور یہ دنیا کے کمزوروں اور بے خانماؤں کو اور سے اور بدحال کرنے میں بھی اس سے بدتر تاثیر رکھتا ہے۔ جبکہ یہ کچھ شیاطین کے ہاتھ کی کاریگری ہوتی ہے جو آج پوری زمین پر فرمانروائی کر رہے ہیں خواہ وہ پس پردہ فرمانروائی ہو یا کھلی کھلی دھونس۔

پھر اسی طرح ’ترقی‘ ایک معبود ہے .... ’سائنس‘ ایک معبود کا درجہ رکھتی ہے.... سیکولر ازم معبود ہے .... ’پیداوار‘ معبود ہے.... ’شخصی آزادی‘ معبود ہے.... خواہشات وشہوات جس طرح آج معبود بنی ہیں اس کی تو بھلا بات ہی چھوڑ دیجئے!

یہ پہلے بھی ___خدا کو چھوڑ کر___ پوجی جایا کرتی تھیں اور آج بھی یہ باقاعدہ معبود کا درجہ رکھتی ہیں۔ ان خداؤں کا شمار تک ممکن نہیں۔ یہ وہ معبود ہیں جو اپنے پجاریوں کو ہمیشہ برباد کرتے ہیں اور ان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر آتے ہیں....

یہ خواہشات اپنی طبعی حیثیت میں انسانی فطرت ہی کا ایک جزو ہیں۔ یہ دراصل نفس انسانی کی ایک ناگزیر غذا ہیں۔ یہ اس لئے ہیں کہ زمین کی تعمیر وآبادی کے عمل میں انسان ایک طبعی نشاط پائے، جبکہ یہ زمین کی تعمیر وآبادی اس مشن کا ایک حصہ ہے جو خلافت سے موسوم ہے اور جو کہ انسان کی تخلیق کا عنوان بنا تھا:

وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلاَئِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ فِي الأَرْضِ خَلِيفَةً  (البقرۃ: 30)

جب تمہارے رب نے فرشتوں سے فرمایا: میں زمین میں ایک خلیفہ بنانے والا ہوں

هُوَ أَنشَأَكُم مِّنَ الأَرْضِ وَاسْتَعْمَرَكُمْ فِيهَا(ھود:61)

وہی ہے جس نے تمہیں زمین سے پیدا کیا اور اسی زمین میں اس نے تمہاری آبادی چاہی

زُيِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّهَوَاتِ مِنَ النِّسَاء وَالْبَنِينَ وَالْقَنَاطِيرِ الْمُقَنطَرَةِ مِنَ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ وَالْخَيْلِ الْمُسَوَّمَةِ وَالأَنْعَامِ وَالْحَرْثِ ذَلِكَ مَتَاعُ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَاللّهُ عِندَهُ حُسْنُ الْمَآبِ (آل عمران:14)

لوگوں کے لئے مرغوبات نفس ___ عورتیں، اولاد، سونے، چاندی کے ڈھیر، چیدہ گھوڑے، مویشی اور زرعی زمینیں___ بڑی خوش نما بنا دی گئی ہیں۔ یہ دُنیا کی چند روزہ زندگی کے سامان ہیں۔ حقیقت میں جو بہتر ٹھکانا ہے وہ تو اللہ کے پاس ہے

مگر جس طرح یہ ایک اچھی اور مفید غذا ہیں اسی طرح یہ زہر قاتل بھی بن جاتی ہیں جب یہ اپنی حد سے تجاوز کر جائیں۔ اس کا معاملہ بالکل جسم کی غذا ہی کی مانند ہے۔ جسم کو اپنا طبعی نشاط برقرار رکھنے کیلئے ایک خاص مقدار میں لحمیات، نشاستہ، نمکیات اور ویٹامینوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن اگر آپ ان میں سے کسی چیز کی مقدار بے انتہا بڑھا دیں تو وہ جسم کے وظائف میں نشاط کے بجائے الٹا خلل لے آنے کا باعث بنتا ہے۔ تب یہ غذا غذا نہیں رہتی۔ تب یہ انسان میں وہ فطری نشاط لے آنے پر قدرت نہیں رکھتی جس کا استعمال ہونا جسم میں ضروری ہوتا ہے۔ اب یہ امراض کا سبب بنتی ہے۔ یہی حال نفس کا ہے۔ نفس کو ان خواہشات اور ’محرکات‘ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ اس میں وہ طبعی حرکت جنم پائے جس کی اس دُنیا میں بہرحال ضرورت ہے۔ مگر نفس جب ان خواہشات وشہوات کو اپنی خدمت میں لانے کی بجائے خود اس کی خدمت میں لگ جاتی ہے___ اور وہ اس لئے کہ ان کی دل کشی بے انتہا زیادہ ہے اور نفس میں ان کو اور سے اور لینے کیلئے طلب بڑھ جاتی ہے۔ تب نفس کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ نفس فساد کا شکار ہوتی ہے اور اپنے صحت مند نشاط کی ادائیگی سے عاجز آتی ہے۔ بے شک وہ الٹے الٹے قسم کے نشاط میں مگن بھی رہے۔ جیسا کہ جسم کا ایک صحت مند خلیہ سرطان کا شکار ہوتا ہے تو وہ عمل اور نشاط تو کر رہا ہوتا ہے مگر یہ ایسا نشاط ہوتا ہے جو تباہی لے آنے والاہو۔

چنانچہ یہاں سے ’آزمائش‘ کی ابتدا ہوتی ہے۔ یہ ’آزمائش‘ انسان کی پیدائش کے اہداف میں سے ایک باقاعدہ ہدف ہے:

إِنَّا خَلَقْنَا الْإِنسَانَ مِن نُّطْفَةٍ أَمْشَاجٍ نَّبْتَلِيهِ فَجَعَلْنَاهُ سَمِيعًا بَصِيرًا (الانسان: 2)

ہم نے انسان کو ایک مخلوط نطفے سے پیدا کیا تاکہ اس کا امتحان لیں اور اس غرض کیلئے ہم نے اُسے دیکھنے اور سننے والا بنایا

إِنَّا جَعَلْنَا مَا عَلَى الْأَرْضِ زِينَةً لَّهَا لِنَبْلُوَهُمْ أَيُّهُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا  (الکہف: 7)

روئے زمین پر جو کچھ ہے ہم نے اسے زمین کی زینت بنایا ہے تاکہ ان لوگوں کو آزما لیں کہ ان میں سے کون عمدہ تر عمل کرتا ہے

چنانچہ یہ ’آزمائش‘ کا تصور اس سوال کی بنیادبنتا ہے کہ انسان اس متاع ارضی کی کیونکر اور کہاں تک کھپت کرے.... کیا یہ ان حدوں پر رک جائے جو خدا نے مقرر کر دی ہیں اور جن کا پابند رہنے میں خواہشات وشہوات کی ضرر رسانی نہیں رہتی ___کہ وہ لطیف اور خبیر ہے اور اپنی مخلوق اور اس کی ضرورت کو خوب جانتا ہے اور ہر اس بات سے باخبر ہے جو انسان کو فائدہ دے اور درست رکھے___ یا پھر وہ اسراف کرے اور ان حدوںکو پھلانگ جائے؟ اور تب یہ متاع ارضی زہر بننے لگے جو فائدے سے زیادہ نقصان کا باعث بنے بلکہ فائدے کے بجائے نقصان ہی نقصان دے؟

أَلَا يَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ (الملک: 14)

کیا وہی نہ جانے گا جس نے پیدا کیا ہے۔ وہ تو باریک بین اور حد درجہ باخبر ہے

تِلْكَ حُدُودُ اللّهِ فَلاَ تَعْتَدُوهَا  (البقرۃ: 229)

یہ اللہ کی حدیں ہیں ان سے ہرگز تجاوز نہ کرو

تِلْكَ حُدُودُ اللّهِ فَلاَ تَقْرَبُوهَا (البقرۃ:187)

یہ اللہ کی باندھی ہوئی حدیں ہیں، ان کے قریب نہ پھٹکنا

عرب جاہلیت کے دور کا انسان بھی شہوات وخواہشات میں غرق تھا۔ جہاں تک اس کا سماج اسے اجازت دے اور جہاں تک اس کی معاشی حالت اجازت دے وہ خواہشات سے جس حد تک لد سکتا ہو لد جائے اور جی بھر کر مزے کرے، اس میں اس کو کوئی بھی خرابی نظر نہ آتی تھی۔ بلکہ یہ اس کے لئے ایک فخر اور اعزاز کی بات تھی اور اس کو وہ اچھے سے اچھے پیرائے میں ذکر کرتا تھا۔

جاہلیت کا ایک عرب شاعر شراب اور شباب اور خونریزی سے لطف لینے پر فخر کرتا ہے اور برملا کہتا ہے کہ اگر یہ تین چیزیں نہ ہوں تو زندگی میں لطف ہی کیا۔ بلکہ ملامت کرنے والوں سے گویا ہوتا ہے:

ألا أیھذ اللائمی أحضرالوغی .... وأن أشھد اللذات ھل اَنت مخلدی؟

”ابے او ناصح! مجھے ملامت کرتا ہے کہ میں معرکۂ خونریزی میں پڑتا ہوں اور لطف وسرود میں شریک ہوتا ہوں۔ میں ایسا نہ کروں تو کیا تم مجھے خلود بخش دو گے؟“۔

چنانچہ جب اس دُنیا کی زندگی میں خلود اور ہمیشگی پانا ناممکن ہے تو جاہلی ’منطق‘ یہ کہتی ہے کہ خواہشات وشہوات سے انسان جس قدر جی بھر سکے بھر لے۔ کیونکہ یہ بس ایک ہی موقع ہے۔ گیا تو پھر نہ آئے گا!

رہا معاصر جاہلیت کا انسان تو اس کی زندگی میں بھی اصل یہ ہے کہ انسان بس خواہشات وشہوات کیلئے جئے۔ وہ کوئی کام اور محنت کرتا ہے تو اس لئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ایسے وسائل کا مالک بنے جو اس کی ’لذت‘ پوری کروائیں۔ اس کی شہوت اقتدار ہے تو وہ اس کے حصول میں دن رات ایک کر رہا ہے۔ قوت اور اثر ورسوخ ہے تو صبح شام اس کے تعاقب میں بھاگتا ہے۔ اس کی شہوت جنس ہے یا جسم کا لطف ہے ___اور جس کا باؤلا پن آج کی جاہلیت نے ہر شخص میں پیدا کر رکھا ہے نہ اس سے کوئی بچہ محفوظ ہے اور نہ بڑا۔ نہ مرد بچا ہے اور نہ عورت___ تو اس کا بہتر سے بہتر حصول یقینی بنانے میں ہر شخص سرگرم عمل ہے۔

جہاں تک مقصد کا تعلق ہے تو اس جاہلیت کے پاس کوئی ایسا مقصد نہیں جو اس حیات دنیوی سے اور اس میں پائے جا سکنے والے لطف ولذت سے بڑا ہو۔

وَقَالُوا مَا هِيَ إِلَّا حَيَاتُنَا الدُّنْيَا نَمُوتُ وَنَحْيَا وَمَا يُهْلِكُنَا إِلَّا الدَّهْرُ (الجاثیۃ:24)

یہ لوگ کہتے ہیں کہ زندگی بس یہی ہماری دُنیا کی زندگی ہے۔ یہی ہمارا مرنا اور جینا ہے اور گردش ایام کے علاوہ کوئی چیز نہیں جو ہمیں ہلاک کرتی ہو

إِنْ هِيَ إِلَّا حَيَاتُنَا الدُّنْيَا نَمُوتُ وَنَحْيَا وَمَا نَحْنُ بِمَبْعُوثِينَ (المؤمنون:37)

زندگی کچھ نہیں ہے مگر بس یہی دُنیا کی زندگی۔ یہیں ہم کومرنا اور جینا ہے اور ہم ہرگز اُٹھائے جانے والے نہیں ہیں

فَأَعْرِضْ عَن مَّن تَوَلَّى عَن ذِكْرِنَا وَلَمْ يُرِدْ إِلَّا الْحَيَاةَ الدُّنْيَا۔ ذَلِكَ مَبْلَغُهُم مِّنَ الْعِلْمِ(النجم:30:29)

اے نبی آپ اس شخص سے رخ پھیر لیں جس نے ہماری یاد سے منہ موڑ رکھا ہے اور دُنیا کی زندگی کے سوا جسے کچھ مطلوب نہیں ہے۔ ان کے علم کی انتہا بس یہی (دُنیا) ہے

يَعْلَمُونَ ظَاهِرًا مِّنَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَهُمْ عَنِ الْآخِرَةِ هُمْ غَافِلُونَ (الروم:7)

لوگ دُنیا کی زندگی کا بس ظاہری پہلو جانتے ہیں اور آخرت سے وہ خود ہی غافل ہیں

انسان جب اس حیات فانی میں مگن ہو جاتا ہے اور اِس کے چھوٹے چھوٹے اور حقیر اہداف تک محدود ہو رہتا ہے ___چاہے وہ اہداف اسے کتنے ہی عظیم نظر کیوںنہ آئیں___ تو وہ اپنی ہستی کا ایک بڑا حصہ کھو دیتا ہے۔ خدا نے جس معیار کی یہ مخلوق بنائی اس کا بڑا حصہ اس کے ہاتھ سے چلا جاتا ہے۔ خدا نے اس کو تخلیق کیا تو ایک مشت خاک سے وجود دیا پھر اپنے ہاں سے روح کی ایک پھونک اس میں ڈال دی۔ انسان جب اس دُنیائے فانی کا ہو جاتا ہے تو اس بلندی اور عظمت سے گر جاتا ہے جو کہ انسان کی ہستی کا اصل مقام ہے۔

إِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي خَالِقٌ بَشَرًا مِن طِينٍ ۔ فَإِذَا سَوَّيْتُهُ وَنَفَخْتُ فِيهِ مِن رُّوحِي فَقَعُوا لَهُ سَاجِدِينَ ۔ (ص:71۔72)

جب تیرے رب نے فرشتوں سے کہا: میں مٹی سے ایک بشر بنانے والا ہوں، پھر جب میں اسے پوری طرح بنا دوں اور اس میں اپنی روح پھونک دوں تو تم اس کے آگے سجدے میں گر جاؤ

پھر جہاں تک عرب جاہلیت کے انسان کا تعلق تھا تو اس کا کل ھمّ وغم اس کا قبیلہ تھا اور اس کے گرد گھومنے والے حالات و واقعات اور اخبار وآراء۔ اسی وجہ سے نام ونسب کی حفاظت ہوتی تھی۔ آباؤاجداد پر فخر ہوتا۔ دوسروں کی ہجو ہوتی۔ رزم ومعرکہ کے تذکرے ہوتے۔ پلٹنے جھپٹنے کی داستانیں سنی جاتیں۔ عرب کے انسان کی کل دُنیا اس کا یہی قبیلہ تھا۔ اس کو اسی میں رہنا اور اسی کیلئے رہنا تھا۔ یہی ان کے شعراءکی جولانی طبع کا موضوع تھا۔ یہی ان کی بیٹھکوں اور چوپالوں کی گفتگو تھی اور یہی ان میں آپس کی مقابلہ بازی کا اصل میدان تھا .... اسی کے ساتھ ان کی وہ دوڑ شامل ہو جاتی تھی جو وہ کثرت اموال واولاد کیلئے اور شہوت وخواہشات سے جی بھر کر اور ایک دوسرے سے بڑھ کر حظ پانے کیلئے کیا کرتے تھے۔

جہاں تک معاصر جاہلیت کے انسان کا تعلق ہے تو وہ اس سے بھی کہیں گم گشتہ راہ ہے اور اس حیات فانی اور اس کی حسی لذت کے اندر محدود ہونے میں اور پاکیزہ قدروں سے دوری میں اور زندگی بلند وپاکیزہ مقاصد سے برگشتہ ہونے میں یہ اس سے بھی بڑھ کر ہے جس میں عرب جاہلیت کا انسان گرفتار تھا۔ آج کا انسان صرف حسی لذت کا طلبگار ہے اور بس اسی پر فریفتہ ہے۔ اور چونکہ آج کی جاہلیت کے صورت گر اپنے دور کے انسان کو ہر پاکیزہ قدر اور ہر بلند مقصد سے دور رکھنے پر حریص ہیں لہٰذا وہ اپنا تمام زور اس بات پر صرف کر چکے ہیں کہ اس حیات فانی کو آرائش وزیبائش سے بھر دیں اور گھٹیا متاعِ ارضی اور لذتِ وقتی کو حد سے زیادہ مزین اوردلفریب بنا دیں اور اس کیلئے ایسے ایسے وسائل اور ذرائع اختیار کریں جو ایک معقول انسان کے سان گمان تک میں نہ آسکیں۔

ہر جاہلیت میں، خواہ وہ نئی ہو کہ پرانی، انسان جب اسی دُنیا کی زندگی کو تخیل کی انتہا جان بیٹھتا ہے اور کسی اور زندگی میں اور مرکر اٹھائے جانے میں اور حساب اور جزا میں یقین نہیں رکھتا .... تب یہ زندگی اس کی نگاہ میں ایک بے ہودہ اور لغو چیز بن جاتی ہے جس کا کوئی مقصد ہے اور نہ معنی۔ کسی قدر اور کسی معیار کی اس میں کوئی وقعت اور کوئی قیمت نہیں رہ جاتی۔ کسی چیز کی کوئی قیمت ہے تو بس اسی حد تک جس حد تک یہ انسان کی اس شہوت اور اس مفاد کو پورا کرے جو اس کی اس مختصر اورمحدود عمر میں اس کو پیش آئے۔ اس ’انسان‘ کو حیرت اور سرگردانی ہر طرف سے گھیر کر رکھتی ہے اور جاہلی انسان کی یہ خاصیت سب سے نمایاں ہو جاتی ہے۔ موجودہ دور کا ایک جاہلی شاعر ایلیا ابو ماضی اپنے ان اشعار میں جاہلی انسان کی اسی کیفیت کو نمایاں کرتا ہے:

جئت لا اعلم من این ولکنی اَتیت!

ولقد أبصرت قدامی طریقاً فمشیت!

وسأبقیٰ ما شیا ان شئت ھذا اَوأبیت

کیف جئت؟ کیف أبصرت طریقی؟ لست أدری!

”میں آیا ہوں۔ کہاں سے،، نہیں معلوم بس میں آگیا ہوں۔

میں نے اپنے آگے چلنے کیلئے راستہ پایا تو چلنے لگا ہوں۔

میں اس پر چلتا رہوں گا اگر چاہوں تب بھی اور اگر نہ چاہوں تب بھی۔

میں کیونکر آیا؟ میں نے کیونکر اپنا یہ راستہ پایا؟ کیا معلوم!“

یہی وجہ ہے کہ ’شراب‘ ہمیشہ ایک جاہلی انسان کی ضرورت رہی ہے۔ کیونکہ یہ زندگی سے وابستہ مقصدیت کے احساس سے فرار کا ایک ذریعہ ہے۔ زندگی کے عبث اور بے مقصد ہونے کا احساس نفس پر بہرحال گراں ہوتا ہے۔ لوگ ’کھیل تماشے‘ میں بھی اسی لئے غرق رہتے ہیں کیونکہ یہ ’وقت گزارنے‘ کا ایک ذریعہ ہے۔ وگرنہ ’وقت‘ بہت ہی گراں گزرتا ہے۔ لوگ جب اپنی سعیِ روزگار سے اور کمائی کی کشمکش سے فارغ ہوں تو وقت گزارنا ایک سوال بن جاتا ہے۔

عرب جاہلیت میں شراب، مجالس ناؤ نوش اور جوا وغیرہ اس ’فرار‘ کا ایک بڑا ذریعہ تھا۔ آج کی جاہلیت میں شراب کے ساتھ منشیات بھی شامل ہو گئی ہیں۔ رقص وسرود کے تھیٹر، کھیل تماشے اور دل کے بہلاوے کے طرح طرح کے انتظام، جوا خانے.... پھر جب اس ’بے کار وبے مقصد زندگی‘ سے فرار کسی اور طریقے سے ممکن نہ ہو تو اب یہاں نفسیاتی اضطراب ہے، اعصابی امراض ہیں، قسم ہا قسم کا جنون ہے۔ کچھ بھی کارگر نہ ہو تو پھر خودکشی!

 

٭٭٭٭٭٭

 

یہ سب اسباب ہیں جو اس انتشا رکے پیچھے کار فرما ہوتے ہیں جو جاہلیت میں نفسِ انسانی پر حاوی ہوا رہتا ہے۔ پھر جب ایمان آتا ہے تو نفس کو اس انتشار سے نجات ملتی ہے اور وہ مجتمع اور یکسو ہو جاتی ہے۔

ایمان کا بنیادی مفہوم ہے: کہ اس بات کا اعتقاد اور یقین پیدا کیا جائے کہ بس ایک ہی معبود ہے جو تنہا عبادت کے لائق ہے اس کے سوا کوئی پرستش کے لائق نہیں، اور یہ کہ اس کے سوا سب معبود، اللہ کے سوا پوجے جانے والے سب خدا نرے بے حقیقت ہیں۔ ان کا وجود ان کے پجاریوں کے تخیلات کے سوا کہیں نہیں اور یہ باطل تخیلات حق سے ہرگز کفایت نہیں کرتے .... جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی معبود کی عبادت برحق نہیں سوائے ایک اللہ کے کیونکہ اس کے سوا درحقیقت کوئی لائق بندگی نہیں۔ سو عبادت اور پرستش کا ہر وہ عمل جو اس کے سوا کسی اور ذات کیلئے ہو، سرے سے باطل اور سراسر غلط ہے کیونکہ یہ ایک ایسی ذات کیلئے ہوا ہے جس کا درحقیقت الوہیت پر کوئی حق ہے ہی نہیں .... علاوہ ازیں اس سے مراد یہ ہو گی کہ آدمی اپنے آپ کو ہر اس بات کا پابند کرے جو خدا کے ہاں سے آئی ہو گی کیونکہ اس امر کا تصور ممکن ہی نہیں کہ معبود حقیقی وہ ہو یعنی عبادت پر تنہا حق اسی کا ہو مگر اس کی نافرمانی ہو اور اس کے سوا کسی اور کی اطاعت ہوتی ہو! انجام کار اس کا مطلب یہ ہو گا کہ خدا ہی وہ واحد ذات ہے جو انسانوں کو قانون اور شریعت صادر کرے۔ وہی ہے جو حلال اور حرام کا تعین کرے۔ وہی ہے جو اشیاءکے حسن وقبح کی تحدید کرے۔ وہی ہے جو جائز وناجائز کا تقرر کرے۔ وہی ہے جو ان حدوں کا تعین کرے جن کے اندر رہتے ہوئے انسان کو متاع زندگانی سے حظ اٹھانا ہے۔ وہی ہے جو انسانوں کیلئے زندگی کا منہج اور طرز عمل طے کرے اور ان کے یہاں زندہ رہنے کیلئے اہداف مقرر کرے۔

اس ایمان کی شان یہ ہے کہ یہ ’انتشار‘ کے اسباب میں سے کوئی ایسا سبب باقی نہ رہنے دے جو نفس انسانی کو بے سمت کر دینے کا باعث ہو....

جب انسان کا معبود بس ایک ہی ذات ہو جاتی ہے تو پھر اس کے لاشعور اور اس کے احساسات میں ان باطل اور من گھڑت خداؤں کی موت واقع ہو جاتی ہے جن میں سے ایک ایک کے پیچھے اس نفس کو بھاگنا پڑتا ہے اور اس کے باعث سو سو حصوں میں تقسیم ہونا پڑتا ہے۔ ہر معبود کے اپنے مطالبے اور اپنے تقاضے ہیں۔ ہر معبود کے خوش کرنے کو ایک خاص جہت میں چلنا پڑتا ہے۔ یہ جہتیں باہم متعارض رہتی ہیں۔ ان معبودوں کے مابین نفس انسانی بار بار بٹتی اور حصوں بخروں میں منقسم ہوتی ہے۔ ہر معبود کو، اس نفس پر خدائی کرنے کو، کسی دوسرے معبود کو ہٹا کر اس کی جگہ لینی پڑتی ہے۔ اس کھینچا تانی میں ’انسان‘ کا ستیاناس ہو جاتا ہے:

ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا رَّجُلًا فِيهِ شُرَكَاء مُتَشَاكِسُونَ وَرَجُلًا سَلَمًا لِّرَجُلٍ هَلْ يَسْتَوِيَانِ مَثَلًا الْحَمْدُ لِلَّهِ بَلْ أَكْثَرُهُمْ لَا يَعْلَمُونَ (الزمر: 29)

اللہ ایک مثال دیتا ہے۔ ایک شخص تو وہ ہے جس کی ملکیت میں بہت سے کج مزاج آقا شریک ہیں جو اسے اپنی اپنی طرف کھینچتے ہیں اور دوسرا شخص پورا کا پورا ایک ہی آقا کا غلام ہے۔ کیا ان دونوں کا حال یکساں ہوسکتا ہے؟ الحمدﷲ بات یہ ہے کہ ان میں کے اکثر لوگ سمجھتے نہیں

مگر جب معبود ایک ہو جاتا ہے اور انسان کے سب پہلو اور سب گوشے اسی کی بندگی میں یکجا ہوتے ہیں تو خواہشات ان طبعی حدود کی پابندی اختیار کر لیتی ہیں جو اللہ تعالیٰ نے کمال حکمت سے متعین فرما دی ہیں۔ تب یہ نفس کیلئے صالح غذا بنتی ہیں۔ نہ پھر یہ زہرِ مہلک ہوتی ہیں اور نہ انسان کے ہم وغم کا کلی سبب اور اس کی تمام تر توجہ کا محور بنتی ہیں جیسا کہ ایک غیر اللہ کے پجاری کے ساتھ ہوتا ہے جو کھڑا اور بیٹھا خواہشات کی تسکین کیلئے پریشان رہتا ہے۔ نہ کبھی سیر ہوتا ہے نہ مطمئن۔ نہ پیاس بجھتی ہے اور ہوس مٹتی ہے۔ نفس کو اس مشقت سے آرام پانے کی کبھی فرصت ہی نہیں ملتی....

جب معبود ایک ہوتا ہے اور نفس اس کی بندگی پر مجتمع اور یکسو ہوتی ہے تو وہ ہدف بھی علی وجہ البصیرت متعین ہو جاتا ہے جو اس کے درون میں سب اہداف کو ایک ترتیب دے دے۔ جب انسان ایک اور زندگی پانے اور مر کر اُٹھنے اور حساب وجزا کیلئے پیش ہونے پر یقین کرتا ہے تو ان قدروں اور معیاروں کا تعین ہونے لگتا ہے جو زندگی میں پاکیزہ اور بلند اہداف کو وجود دینے کا سبب بنتے ہیں اور زندگی کے بے مقصد اور عبث ہونے کے تصور کو مٹاتے ہیں۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

یہ شان اگر ان اصولوں کی ہے جنہیں معاشرے پر اثر انداز ہونے والی بنیادی جمعیت کو وجود دینا تھا تو تعظیم کے چند کلمات ہمیں مربی ﷺ کی شان میں بھی کہنے ہیں جنہوں نے ان اصولوں پر ایک جمعیت کھڑی کی اور جو کہ تاریخ انسانی کے عظم ترین مربی ہیں۔ باوجود اس کے کہ ان کلمات میں یا کسی بھی انداز کے کلمات میں ہم آپ کا حق ادا نہ کر پائیں گے۔ اس مربی ﷺ کیلئے خدا کی اپنی شہادت ہی کافی ہو سکتی ہے جو کہ ہر نعمت اور فضل کا بخشندہ ہے:

وَإِنَّكَ لَعَلى خُلُقٍ عَظِيمٍ (القلم:4)

اور بے شک تم اخلاق کے بڑے مرتبے پر ہو

ہم اس جمعیت سے ہرگز شناسائی نہ پا سکیں گے جب تک ہم اس عظیم الشان تاثیر کا ہی کچھ نہ کچھ ادراک نہ کر لیں جو رسول اللہ ﷺ کے بنفس نفیس وجود نے صحابہؓ کے اندر برپا کر دی تھی۔

پیروکار ہمیشہ اپنے قائد کی صفات کے ہی خوشہ چین ہوا کرتے ہیں جس کے پیچھے ان کی وہ اتھاہ محبت ہوتی ہے جو ان میں اپنے قائد کیلئے موجزن ہو۔ یہ اس کی صحبت کا فیض ہوتا ہے جو ان کو خوش قسمتی سے مل جاتا ہے۔ اپنے قائد کی صفات کا انعکاس اور اس کی شخصیت کا پرتو بننا، یہ بسا اوقات لاشعوری طور پر بھی ہونے لگتا ہے۔ کیونکہ قائد کی شخصیت سے متاثر ہونا خود بخود اس بات کا سبب بنتا ہے کہ اس جیسا بننے کی کوشش کرنے پر پیروکار اپنے آپ کو مجبور پائیں۔ اس جیسے اعمال، اس جیسے اقوال، اس جیسے مواقف، اسی سے ملتے جلتے تصرفات انسان کی مجبور ی بن جاتے ہیں بشرطیکہ وہ واقعتاً اس سے متاثر ہو چکا ہو۔ واقعتا یہ صحابہؓ کے ساتھ ہوا بھی جب ان کی محبت اپنے نبی کیلئے ہر محبت پر سبقت لے گئی اور نبی کیلئے ان کی تعظیم وتوقیر ہر ایسے قائد کی تعظیم وتوقیر سے بڑھ گئی جس نے تاریخ انسانی میں کبھی کچھ پیروکار رکھے ہوں۔ تب اتباع کے زبردست واقعات بھی جنم پانے لگے۔

ہرقل نے ابوسفیان سے، جبکہ ابھی وہ اسلام نہ لائے تھے، سوال کیا کہ وہ اہل ایمان کا نبیﷺ کے ساتھ آنکھوں دیکھا حال بیان کریں۔ تب ابوسفیان نے جواب دیا: میں نے لوگوں میں سے کبھی کسی کو کسی سے ویسے محبت کرتے نہیں دیکھا جس طرح اصحاب محمد، محمد ﷺ کے ساتھ محبت کرتے ہیں۔

مگر رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آپ کے اصحاب کا معاملہ محض اس بات تک محدود نہ تھا کہ وہ لاشعوری طور پر ہی آپ سے متاثر ہوں۔ یہ ایک حد درجہ شعوری عمل بھی تھا۔ آپ سے محبت کرنا اور آپ کی گرویدگی اختیار کرنا ان لوگوں کیلئے خدا کا باقاعدہ حکم تھا جو خدا کے ساتھ ایمان لائیں اور اپنا چہرہ خدا کو سونپ دیں۔ خود رسول اللہ ﷺ کی یہی ہدایت تھی۔

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِّمَن كَانَ يَرْجُو اللَّهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللَّهَ كَثِيرًا (الاحزاب:21)

درحقیقت تم لوگوں کے لئے اللہ کے رسول میں ایک بہترین نمونہ ہے، ہر اس شخص کے لئے جو اللہ اور یوم آخر کا امیدوار ہو اور کثرت سے اللہ کو یاد کرے

وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانتَهُوا  (الحشر:7)

رسول تم کو جو دے وہ لے لو اور جس سے روکے اس سے رک جاؤ اور اللہ سے ڈرتے رہو، اللہ سخت سزا دینے والا ہے

مَا كَانَ لِأَهْلِ الْمَدِينَةِ وَمَنْ حَوْلَهُم مِّنَ الأَعْرَابِ أَن يَتَخَلَّفُواْ عَن رَّسُولِ اللّهِ وَلاَ يَرْغَبُواْ بِأَنفُسِهِمْ عَن نَّفْسِهِ (التوبۃ:120)

مدینہ کے رہنے والوں کو اور ان کے گرد ونواح کے اعراب کو یہ ہرگز زیبا نہ تھا کہ اللہ کے رسول کو چھوڑ کر گھر بیٹھ رہتے اور اس کی طرف سے بے پروا ہو کر اپنے اپنے نفس کی فکر میں لگ جاتے

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ اسْتَجِيبُواْ لِلّهِ وَلِلرَّسُولِ إِذَا دَعَاكُم لِمَا يُحْيِيكُمْ  (الانفال:24)

اے ایمان والو، اللہ اور رسول کی پکار پر لبیک کہو جبکہ رسول تمہیں اس چیز کی طرف بلائے جو تمہیں زندگی بخشنے والی ہے

لا یؤمن احدکم حتی اکون احب اليه من نفسه وماله وولدہ  (اخرجہ الشیخان)

تم میں سے کوئی شخص ایمان والا نہیں جب تک کہ میں اس کو اس کے اپنے آپ سے، اس کے مال اور اس کی اولاد سے زیادہ عزیز نہیں ہوتا

صلوا کمارأیتمونی أصلی  (اخرجہ البخاری)

نماز پڑھو جس طرح تم مجھے نماز پڑھتا دیکھتے ہو

خذواعنی مناسککم (اخرجہ مسلم)

مناسب حج مجھ سے سیکھو

یہ اس وجہ سے کہ آپ محض ایک لیڈر نہیں جسے انسانوں کی ایک جماعت کی قیادت کرنا ہے۔ بلکہ آپ نبی ہیں جسے اپنے رب کا پیغام پہنچانا ہے اور لوگوں کیلئے جو نازل ہوا ان کو اس کا بیان کرکے دینا ہے۔ چنانچہ آپ کی اطاعت خدا کا حکم ہے لہٰذا آپ کی اطاعت باقاعدہ طور پر خدا کی عبادت ہے۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُواْ أَطِيعُواْ اللّهَ وَأَطِيعُواْ الرَّسُولَ وَأُوْلِي الأَمْرِ مِنكُمْ فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ فَرُدُّوهُ إِلَى اللّهِ وَالرَّسُولِ إِن كُنتُمْ تُؤْمِنُونَ بِاللّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ ذَلِكَ خَيْرٌ وَأَحْسَنُ تَأْوِيلاً (لنساء:59)

اے لوگو جو ایمان لائے ہو اطاعت کرو اللہ کی اور اسکے رسول کی اور ان لوگوں کی جو تم میں سے صاحب امر ہوں۔ پھر اگر تمہارے درمیان کسی معاملے میں نزاع ہو جائے تو اسے اللہ اور رسول کی طرف پھیر دو اگر تم واقعی اللہ اور روز آخر پر ایمان رکھتے ہو۔ یہی ایک صحیح طریقہ کار ہے اور انجام کے اعتبار سے بھی بہتر ہے

مَّنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللّهَ (لنساء:80)

جس نے رسول کی اطاعت کی اس نے دراصل خدا کی اطاعت کی

چنانچہ رسول اللہ ﷺ کیلئے آپ کے پیروکاروں میں یہ دونوں باتیں مجتمع ہو گئیں۔ ایک ایسی اتھاہ محبت اور گرویدگی جو ہر رشتے اور ہر تعلق پر بھاری پڑ جائے اور آپ کی اطاعت اور فرمانبرداری کا ایسا التزام جسے محض خدا کی عبادت سمجھ کر کیا جائے۔ چنانچہ آپ کو وہ مقام حاصل تھا جہاں اصحاب آپ سے ایک فطری اور بے ساختہ انداز میں اور بے پناہ حد تک متاثر تھے اور آپ کے اس قدر گرویدہ اور آپ پر اس قدر فریفتہ تھے کہ جس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں پائی جا سکتی.... ایک منفرد ترین شخصیت کا نفوس پر اثر انداز ہونا اور کچھ منفرد ترین اصولوں کا ان نفوس پر اثر انداز ہونا.... یہ دونوں کام بیک وقت ہونے لگے تھے....

جہاں تک ان اصولوں کا تعلق ہے تو اس پر ابھی پیچھے ہم اجمالاً کچھ بات کر آئے ہیں اور تفصیل کے ساتھ اس پر ہم آگے چل کر بات کریں گے۔

جہاں تک رسول اللہ ﷺ کی اس شخصیت کا تعلق ہے جو اس تبدیلی کا محرک بنی تو یہاں اس مقام پر ہم اتنا ہی کہہ پائیں گے کہ:

یہ ایک جامع ترین شخصیت تھی۔ یہاں تک کہ جو پچھلے رسولوں میں سے ایک ایک کی شخصیت میں متفرق طور پر ملتا ہے وہ سب کچھ آپ کی ایک ہی شخصیت میں اکٹھا ہو گیا تھا: عیسی علیہ السلام کی روحانیت، نوح علیہ السلام کا صبر، موسیٰ علیہ السلام کی قوت فیصلہ وشدت اقدام، ابراہیم علیہ السلام کی رقت قلب.... اور اس کے ساتھ پھر آپ کے اپنے بے شمار فضائل جن میں آپ سب سے منفرد ہیں اور جو آپ سے پہلے کسی بھی نبی کو حاصل نہ ہوئے.... اس شخصیت میں ایک زیرک اور منفرد ترین سیاسی قائد بھی تھا جو ایک قوم کے بکھرے ہوئے شیرازے کو ایک مختصر سی مدت میں ایک پرچم تلے مجتمع کر دے اور اس کو قوت اور توانائی کے آتش فشاں میں بدل کر رکھ دے اور دُنیا کی ایک پسماندہ ترین قوم کو اقوام عالم میں عظیم ترین منزلت دلوا دے.... اس میں وہ عسکری قائد بھی تھا جو دُنیا کا منفرد ترین لشکر ترتیب دے اور اس کے اندر جرأت و بسالت، جوانمردی اور جفاکشی کی وہ روح پھونک دے جو اس کو دنیا کی بڑی سے بڑی قوت کے ساتھ بھڑوا دے.... اس میں ایک مربی کی شخصیت بھی تھی جو اپنے پیروکاروں کے تزکیہ وتربیت میں کوئی کمی نہ رہنے دے اور ان کو اخلاقی بگاڑ کے پاتال سے اٹھا کر اخلاق کی عظمت کے آسمان تک پہنچا دے.... اس میں ایک عبادت گزار کی شخصیت بھی تھی جس کا ہر لمحہ خدا کے ساتھ گزرتا ہے اور جو اس کی بندگی اور تعظیم کے احساس سے لحظہ بھر غافل نہیں ہوتا اور جو رات کی خاموش ساعتوں میں اور دن کے ہنگاموں میں برابر خدا کی جانب متوجہ رہتا ہے.... اس میں ایک مجاہد شخصیت بھی تھی جو باطل سے ہر لمحہ برسرپیکار ہے.... یہ ایک مثالی ترین شوہر بھی ہے اور ایک مہربان اور شفیق باپ بھی.... یہ سب کچھ ایک ہی شخصیت میں جمع ہو جاتا ہے اور بڑی بات یہ کہ یہ سب کچھ ایک کمال توازن کے ساتھ پایا جاتا ہے۔ اس کا ایک پہلو کسی دوسرے پہلو پر حاوی نہیں ہو پاتا۔ کسی ایک پہلو کی سرگرمی کسی دوسرے پہلو کو معطل کرنے کی قیمت پر نہیں ہوتی۔ یہ شخصیت ہر جانب سے ہمہ وقت روشن ہے.... پھر کیا تعجب جو پیروکاروں پر اس شخصیت کی تاثیر ایک ایسی بے مثال تاثیر ہو جو اس سے پہلے نہ تو کوئی نبی اپنی قوم میں برپا کر سکا ہو اور نہ کوئی انسان بشریت کی تاریخ میں۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اجمالاً جس طرح ہم نے ان اصولوں اور فکری بنیادوں کی جانب اشارہ کیا جو اس مسلم جمعیت کی تیاری میں کام آئے جسے رسول اللہ ﷺ نے قائم کیا تھا اور اجمالا جس طرح ہم نے اس مربی اعظم کی شخصیت کی جانب اشارہ کیا ہے جس نے معاشرے پر، بلکہ تاریخ انسانی پر، اثر انداز ہونے والی یہ منفرد انسانی جمعیت تیار کی.... ویسے ہی چند کلمات اجمالاً ہم ان بندگان خدا کی بابت کہیں گے جن کے کاندھوں نے اسلام کو قائم کرنے کا یہ بار عظیم اٹھایا۔

اللّهُ أَعْلَمُ حَيْثُ يَجْعَلُ رِسَالَتَهُ  (الانعام:124)

”اللہ خوب جانتا ہے وہ اپنی پیغمبری کہاں بھیجے“۔

آخری رسالت کے لئے خدا کا اپنے اس نبی کو منتخب کرنا، اور اس سرزمین کو منتخب کرنا جس سے پوری دنیا میں یہ پیغام پھوٹ کر نکلے، اور اس قوم کو منتخب کرنا جو اس پیغام کو سب سے پہلے وصول کرے.... اس سب کے پیچھے بلاشبہ خدا کی عظیم الشان حکمتیں کار فرما ہیں۔ چنانچہ خدا تعالیٰ نے اپنی آخری رسالت کے لئے اپنا سب سے عظیم پیغمبر ﷺ چنا۔ ایک ایسی سرزمین کا انتخاب کیا جو اس کے علم کی رو سے آخری رسالت کے چہار وانگ پھیل جانے کیلئے مناسب ترین تھی.... ایک ایسی سرزمین جو اپنے دور کی بڑی بڑی سلطنتوں میں سے کسی کی دلچسپی کا مرکز نہ تھی۔ کیونکہ یہ لق ودق صحرا تھا۔ یہاں یہ مسلم جمعیت وجود پاتی ہے اور اپنی جڑیں راسخ کر لیتی ہے بغیر اس کے کہ کوئی بیرونی قوت اس کو دبانے یا اس کی جڑیں کاٹنے یا اس کے کام کو دشوار کر دینے کیلئے ابتدائی طور پر دخل انداز ہو۔ یہاں تک کہ جب ان ’سپر طاقتوں‘ کو خطرے کا الارم سنتا ہے اور وہ اس سے نمٹنے کیلئے تیار ہوتی ہیں تب تک یہ جمعیت اپنا ابتدائی کام مکمل کر چکی ہوتی ہے۔ اس نے اپنی دولت قائم کر لی ہوتی ہے اور یہ ایک ایسی قوت فراہم کر لیتی ہے جو دشمن کو خوف میں مبتلا کر دے۔

جہاں تک اس سرزمین کے باشندہ انسانوں کا تعلق ہے تو خدا کے علم کی رو سے یہ اس رسالت کا حق ادا کرنے کیلئے اور اس کو آفاق میں نشر کرنے کیلئے مناسب ترین لوگ تھے۔ درست ہے کہ بت پرست تھے.... مشرک تھے.... اڑیل ضدی تھے.... اپنی بات چھوڑنے پر تیار نہ ہوتے تھے.... مگر ان سب باتوں کے باوجود وہ اپنے دور کی اقوام میں سب سے زیادہ سلیم الفطرت تھے۔ سب اقوام کوجاہلی تہذیبوں نے عیش سامانی کی راہ پر لگا کر اور طرح طرح کی نزاکتیں سکھا کر اور زندگی کے چاؤ دلوا کر بگاڑ دیا تھا اور ان کو کمینگی اور گھٹیا پن قبول کر لینے پر آمادہ کر لیا تھا جیسا کہ جزیرۂ عرب کے دائیں بائیں دونوں عظیم شہنشاہتوں .... فارس اور روم میں پیش آچکا تھا۔ اور وہ ذلت الگ جو حاکم کے اقتدار کا تقدس مان کر اور اس کے سامنے کمتر اور ذلیل رعایا بن کر قومیں قبول کر چکی تھیں اور جس کے نتیجے میں حکمران آقا بن جاتا تھا اور قوم غلاموں کی تصویر پیش کرتی۔ یہ ایک سرکش آقا اور ذلیل غلام کا تعلق ہوتا تھا۔

عرب جاہلیت نے بھی بلاشبہ عرب مشرکین کے نفوس کو بگاڑا تھا.... مگر جیسا کہ بعد میں ثابت ہوا یہ بگاڑ نفوس میں بہت نیچے تک نہیں گیا تھا۔ نیچے فطرت کا بہت کچھ ابھی سلامت تھا۔ سو جونہی اس نئے عقیدے نے بگاڑ کی وہ تہہ اوپر سے کھرچ دی تو عقیدہ کی یہ روشنی اس کے اندر جھلکنے لگی.... عقیدہ کی یہ روشنی بہت جلد ’عرب انسان ‘کے اندر چھپی اس فطرت سے آملی جو دوسری اقوام کی نسبت ’عرب انسان کے اندر‘ بڑی حد تک بچی رہ گئی تھی.... تب پھر یہ سب عجوبے رونما ہونے لگے!

ان کافروں کو چھوڑ کر، جنہوں نے اپنے کفر پر آخری لمحے تک اصرار کیا اور دیدہ دلیری سے اس دین حق کے خلاف لڑے.... وہ نفوس جنہوں نے اس پیغام کو قبول کیا انہوں نے البتہ اس کو بس یونہی ہی قبول نہ کیا بلکہ کمال خوبصورتی کے ساتھ قبول کیا جس کی کہ تاریخ میں کیا رسولوں کے پیروکاروں میں بھی مثال نہیں ملتی۔ یہ بے انتہا سلیم الفطرت لوگ تھے۔ جاہلیت کا بگاڑ ان کی فطرت کی تہہ میں نہیں بیٹھ سکا تھا۔ دین کیلئے ایسا گہرا اخلاص جو ان کے ہاں پایا گیا کبھی کہیں دیکھنے میں نہیں آیا۔ دلیری، جانفروشی اور قربانی میں کوئی ان کا ثانی نہ تھا۔ یہ سب کچھ ان کے سلیم الفطرت ہونے کی دلیل تھا۔

ایک اور عنصر جس کی طرف اشارہ ضروری ہے.... وہ ان کی نقل مکانی کی استعداد تھی اور ان کا سریع الحرکت ہونا۔ یہ ہر نئی جگہ کو اپنا وطن بنا لینے پر قدرت رکھتے تھے۔ ایسے روابط جو انسان کو ایک ہی جگہ کے ساتھ باندھ کر رکھ دیں.... ایسی محبت جو ایک کاشتکار کو اپنی دھرتی سے ہوتی ہے اور جس کے باعث چند قدم دور ہو جانے پر اس کو دیس کی یاد ستانے لگتی ہے.... وہ اس سے کسی حد تک محفوظ تھے۔ ان صفات کے ساتھ پھر جب ان کو اسلام ملا تو وہ زمین میں کچھ اس طرح پھیل گئے کہ اس سے پہلے کسی قوم نے اپنے دین کیلئے کبھی یوں نقل مکانی نہ کی تھی۔ یوں یہ جماعت دنیا میں انسانیت کیلئے ہر طرف نور اور ہدایت پھیلانے کیلئے نکل کھڑی ہوئی۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

اجمالی طور پر ابھی تک ہم نے ان تین بنیادی عوامل پر گفتگو کی ہے جس نے اس بنیاد کو پختہ کرنے میں اپنا کردار ادا کیا جس پر رسول اللہ ﷺ نے امت اسلام کی ہر اول جمعیت تیار کی۔ یعنی:

1) وہ اصول اور وہ عظیم فکری بنیادیں جن پر اس جمعیت کی تعمیر ہوئی،

2) بطور مربی رسول اللہ ﷺ کی عظمت

3) اور فطرت کی وہ سلامتی جو ان لوگوں کے ہاں پائی گئی جنہوں نے اسلام کے ان اصولوں اور ان فکری بنیادوں کو قبول کیا اور اس عظیم ترین مربی کی شخصیت سے متاثر ہونا سیکھا۔

ابھی البتہ ہم نے اس پر بات نہیں کی کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے پیروکاروں کی جو تربیت کی اس کا کیا کردار تھا۔

جہاں تک ان اصولوں اور فکری بنیادوں کا تعلق ہے جن کے بل پر ان لوگوں کی کایا پلٹ گئی تھی تو یہ اصول دستیاب ہو سکتے ہیں، جیسا کہ یہ آج بھی اسی طرح دستیاب ہیں جس طرح کہ یہ اس وقت تھے جب یہ خدا کے ہاں سے نازل ہوئے تھے.... تو یہ اصول بذات خود کچھ نہیں کرتے جب تک کہ ایک مربی ان اصولوں کے بیج اپنے پیروکاروں کے اندر گہرے کرکے نہ بودے اور ان کی پرورش اور دیکھ بھال کرنے اور ان کو بہترین رخ دینے پر پوری جان نہ کھپا دے۔

ایک مربی بھی پایا جا سکتا ہے مگر وہ اپنی پوری تاثیر نہیں ڈال سکتا جب تک کہ وہ تربیتی عمل کو اپنی پوری توجہ نہ دے۔ لوگوں کا محض اس سے متاثر ہو جانا اس بات کیلئے کافی نہیں کہ ان کے نفوس کی تربیت عمل میں آجائے تا آنکہ مربی ایک باقاعدہ انداز سے ان پر محنت کرنے اور مطلوبہ قدروں اور معیاروں کو ان کے اندر گہرا اتارنے اور فکری بنیادوں کو ان میں راسخ کرنے پر جانفشانی سے کام نہ کرے۔

تربیت کے اسلامی منہج پر اس سے پہلے میں اپنی کسی اور کتاب میں گفتگو کر چکا ہوں۔

یہاں ہم صرف اس پر گفتگو کرنا چاہیں گے کہ ایک ایمانی جمعیت کی تیاری میں تربیت کا کیا کردار ہے کیونکہ ہمیں اپنی آج کی معاصر تحریکوں میں اسی موضوع کی ضرورت درپیش ہے اور تربیت کے کردار اور ضرورت پر گفتگو بہت اہم مواقع پر مفقود پائی جاتی ہے۔

ہم پیچھے کہہ آئے ہیں کہ لا الہ الا للہ پر ایمان لے آنے کا انسانی نفس پر گہرا اثر ہونا ہوتا ہے کیونکہ یہ نفس کے ’ذرات‘ کو ایک نئی ترتیب دے دینا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے لوہے کے ایک ٹکڑے میں برقی رو گزرانے سے تبدیلی آجاتی ہے۔ مگر یہ معاملہ ایک زندہ نفس کے ساتھ پیش آتا ہے۔ ایک ایسی نفس جو اپنے احساسات وجذبات میں، شوق ورغبت رکھنے میں اور جذب وکیف میں پوری طرح زندہ ہو۔ اس معاملے میں اس کو ایک بے جان لوہے کے ٹکڑے کے ساتھ تشبیہہ نہیں دی جا سکتی جو کہ اپنی اس حالت کو جس پر کہ وہ پایا جائے ایک طویل زمانے تک برقرار رکھ سکتا ہے۔ بلکہ ایک لوہے کا ٹکڑا بھی باوجود اس کے کہ وہ جذبات واحساسات نہیں رکھتا، اپنی اس حالت کو، جو کہ اس میں برقی رو گزار دینے کے بعد وقوع پذیر ہوتی ہے، ہمیشہ کیلئے برقرار نہیں رکھ سکتا جب تک کہ ایسے تدبیری انتظامات نہ کئے جائیں جو اس کے پھر سے بکھر جانے اور پہلی حالت پر آجانے سے اسے روک کر رکھیں۔

جبکہ نفس انسانی میں اس بات کا امکان کہیں زیادہ ہے کہ وہ ایک حالتِ نو سے برگشتہ ہو کر اپنی پچھلی حالت پر پلٹ آئے۔ اس میں جذبہ و خواہش کے جھونکے اور شوق وانفعال کے طوفان ہر طرف سے اٹھتے ہیں۔ یوں ہر وقت یہ امکان رہتا ہے کہ اس کے عناصر کی ترتیب بدل جاتی رہے اور اس کے ’ذرات‘ ایک بار ترتیب پا لینے کے بعد پھر سے بکھر جائیں جب تک کہ اس کے گرد ایسے حفاظتی انتظامات نہ کر دیئے جائیں جو اس کے ’ذرات‘ کو پھر سے بکھر جانے سے روک رکھیں اور جن میں کہ یہ صلاحیت ہو کہ جونہی اس کے نظام میں کوئی خلل آئے اور اس کے مجتمع عناصر یکسو ہو جانے کے بعد انتشار کا شکار ہونے لگیں تو وہ ان کو پھر سے وہی ترتیب دے دیں۔

پھر جس طرح لوہے کا ایک ٹکڑا مقناطیس ہٹا لینے کے بھی ایک مدت تک اپنی مقناطیسیت کھو نہیں دیتا مگر وہ بتدریج کم ہوتی جاتی ہے، اسی طرح ایک بشری نفس بھی ایمان لے آنے کے بعد ’حفاظتی انتظامات‘ کے بغیر چھوڑ دیا جائے تو وہ فوراً اپنی ایمانی کیفیت نہیں کھو دیتا مگر وہ بتدریج کم ہوتی جاتی ہے، یہاں تک کہ ایمان فعّال نہیں رہتا۔ ایمان پھر اس کو یک سمت اور یک سو نہیں رکھتا۔ یہاں تک کہ گویا عالمِ واقع میں ایمان موجود ہی نہیں.... یہاں جس چیز کی ضرورت سامنے آتی ہے وہ ہے .... ’ایمان پر تربیت پانا‘ نہ کہ ’صرف ایمان لے آنا‘۔

معاملہ یہ ہے کہ نفسِ انسانی ہر لمحہ ایک نئی حالت سے گزرتا ہے اور اس کی ہستی میں بہت سے گرداب آتے اور جاتے ہیں۔ خیالات، افکار، سوچیں اور پھر وہ خواہشات جن کی بابت قرآن نے کہا ہے:

 

زُيِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّهَوَاتِ مِنَ النِّسَاء وَالْبَنِينَ وَالْقَنَاطِيرِ الْمُقَنطَرَةِ مِنَ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ وَالْخَيْلِ الْمُسَوَّمَةِ وَالأَنْعَامِ وَالْحَرْثِ ذَلِكَ مَتَاعُ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَاللّهُ عِندَهُ حُسْنُ الْمَآبِ (آل عمران:14)

لوگوں کے لئے مرغوبات نفس ___عورتیں، اولاد، سونے چاندی کے ڈھیر، چیدہ گھوڑے، مویشی اور زرعی زمینیں___ بڑی خوش نما بنا دی گئی ہیں۔ یہ دُنیا کی چند روزہ زندگی کا سامان ہے۔ البتہ جو لَوٹنے کا بہترین ٹھکانا ہے وہ تو خدا کے پاس ہے

 

ہم اس سے پہلے یہ کہہ آئے ہیں کہ نفس انسانی کے درون کی ہر دم بدلتی اور آرزو ھا و خواہشات کی زد میں آتی رہنے والی یہ حالت ___جو کہ بہرحال انسان سے اپنے مطلب کے اعمال اور رویے اختیار کر لینے کی متقاضی رہتی ہے___ یہی دراصل اس ’آزمائش‘ کا نقطۂ ابتدا ہے جس کا انسان کو دُنیا کی زندگی زندگی سامنا کئے رہنا ہے۔ اس آزمائش سے ہر نفس کو گزرنا ہوتا ہے اور اس میں پورا اترنے کے معاملے میں ہر نفس دوسرے نفس سے مختلف ثابت ہوتا ہے اور اس کی بابت ہر شخص کا رویہ دوسرے سے جدا ہوتا ہے یوں اس سے گزر کر ہر شخص اپنی آزمائش کروا لیتا ہے۔

إِنَّا جَعَلْنَا مَا عَلَى الْأَرْضِ زِينَةً لَّهَا لِنَبْلُوَهُمْ أَيُّهُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا (الکہف: 7)

روئے زمین پر جو کچھ پایا جاتا ہے اس کو ہم نے زمین کی آرائش بنا دیا ہے تاکہ ہم ان کو آزما لیں کہ ان میں سے کون عمدہ عمل کرنے والا ہے

اوپر کی آیت میں ان خواہشات و شہوات کا اجمالاً ذکر کر دیا گیا جو نفس انسانی میں موجزن ہوتی ہیں اور پھر اس کو ایک خاص قسم کے افعال اور رویے اختیار کر لینے پر مجبور کرتی ہیں۔ یہ اس وجہ سے کہ یہ مقام اجمال کا ہے نہ کہ تفصیل کا۔ (2) مگر نفس کے انفعالات، نفس کی رغبتیں اور شوق، جذبات اور خیالات، خواہشات اور آرزوئیں اتنی ہیں کہ شمار نہیں ہو سکتیں۔ نہ یہ کبھی ختم ہونے میں آتی ہیں۔ نہ یہ زور لگانے سے کبھی رکتی ہیں۔ یہ چھوٹ چھوٹ کر نکلنے کیلئے ہمیشہ پر تولتی ہیں۔ انسان، جب تلک زندہ ہے اس کے اہداف کبھی سر ہوں گے اور نہ اس کے مطالبے کبھی رکنے میں آئیں گے۔ چنانچہ یہ ’آزمائش‘ ہر لحظہ قائم ہے۔ جب ایسا ہے تو پھر ’تربیت‘ کی ضرورت بھی ہر لحظہ قائم ہے۔ یہاں تک کہ نفس کو استقامت پر لے آیا جائے۔ نفس کو جس وضع پر لایا جانا اس آزمائش میں مطلوب ہو عین وہاں رہنے پر اسے مجبور کر دیا جائے۔ نفس خواہشات وشہوات کی بندگی سے نجات پائے اور پھر استقامت کی اس راہ پر رہنا گویا اس کی سرشت بن جائے یہاں تک کہ اس کیلئے اصل یہ ہو کہ وہ اس راستے پر چلے اور اس راستے سے پیر کبھی باہر پڑ جانا خلاف معمول واقعہ ہو جائے۔ یوں اس پر خدا کا یہ قول (منطبق) ہو۔

إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلَائِكَةُ أَلَّا تَخَافُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَبْشِرُوا بِالْجَنَّةِ الَّتِي كُنتُمْ تُوعَدُونَ (حم السجدۃ:30)

جن لوگوں سے کہا کہ اللہ ہی ہمارا رب ہے اور پھر وہ اس پر ثابت قدم رہے، یقینا ان پر فرشتے نازل ہوتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں کہ ”نہ ڈرو، نہ غم کرو، اور خوش ہو جاؤ اس جنت کی بشارت سے جس کا تم سے وعدہ کیا گیا ہے

پھر بھی انسان خطا سے معصوم نہیں۔ کسی کو یہ ضمانت نہیں کہ وہ کبھی بھی اپنے نفس کے جھانسے میں نہ آئے گا اور خواہشات کے جال میں اس کا پیر کبھی نہ پھنسے گا۔ لیکن اگر ایسا ہے تو دوسری طرف توبہ کا دروازہ ہر بشر کے آگے کھلا ہے اور ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

کل بنی آدم خطاءوخیر الخطائین التوابون(رواہ احمد وابن ماجۃ)

آدم کی سب اولاد غلطی کر لینے والی ہے۔ مگر ان خطا کاروں میں سب سے بہتر وہ ہیں جو پلٹ آتے رہیں

یہاں ’تربیت‘ کی اہمیت سامنے آتی ہے اور بنی آدم کیلئے اس کا ناگزیر ہونا اور آخری حد تک اس کا اہتمام کرنا ایک حتمی ضرورت کے طور پر واضح ہوتا ہے۔

’تربیت‘ صرف اس معنی میں مطلوب نہیں کہ یہ نفس کی شہوت وخواہش اور نفس کے انفعال اور شوریدگی کو ضبط میں لانا ہے، گو یہ تربیت کی اہم اور ناگزیر بنیادوں میں سے ایک ہے۔ ’تربیت‘ دراصل رویہ وسلوک کے اور بہت سے مدارج اور اعلیٰ قدروں کو نفس میں گہرا لے جانے کے اور بہت سے مقامات کیلئے بھی مطلوب ہے....

دُنیا کی زندگانی میں اللہ تعالیٰ نے انسان کیلئے جو ’آزمائش‘ رکھی ہے وہ کوئی ایک ہی قسم کی نہیں۔ یہ قسما قسم آزمائش ہے۔ ’آزمائش‘ کی بعض صورتیں اس کے درون سے ہی اس پر حملہ آور ہوتی ہیں۔ یہ اس کی داخلی اشتہا ہے اور اس کے اندر کی خواہش اور للچاہٹ۔ پھر آزمائش کی بعض صورتیں بیرون سے حملہ آور ہوتی ہیں اگرچہ یہ اس کے درون میں پائی جانے والی چاہت اور ہوس کے بل پر ہی اثر انداز ہوتی ہیں۔ یہ سیاسی عوامل ہوتے ہیں، معاشی حالات ہوتے ہیں اور سماجی اسباب۔ اسی میں لوگوں کے مابین پائے جانے والے رحجانات، رسوم اور فیشن آتے ہیں۔ یہ سب مل کر ’انسان‘ کو اپنے تقاضوں کے آگے سرنگوں کرنا چاہتے ہیں۔ اگرچہ ان میں کا ایک بڑا حصہ، خصوصاً ایک جاہلی زندگی میں، انسان کی حقیقی ضرورت سرے سے نہیں ہوتا بلکہ یہ محض اھواءاور شرورِ نفس ہوتا ہے۔ اھواءاور شرورِ نفس کو ایک بدترین رخ دینے میں ایک بڑا کردار پھر ان مستکبرین کا ہوتا ہے جو مستضعفین کیلئے زندگی کا رخ متعین کرتے ہیں۔

وَلَوِ اتَّبَعَ الْحَقُّ أَهْوَاءهُمْ لَفَسَدَتِ السَّمَاوَاتُ وَالْأَرْضُ وَمَن فِيهِنَّ (المؤمنون: 71)

حق اگر کہیں ان کی خواہشات کے پیچھے چلتا تو زمین اور آسمان اور ان کی ساری آبادی کا نظام درہم برہم ہو جاتا

تاآنکہ زندگی اس اعلیٰ سطح پر آکر استقامت اختیار کر لے جو زمین میں انسان کے شایان شان ہے، کہ انسان وہ مخلوق ہے جس کو خدا نے ایک خاص تکریم دے رکھی ہے اور بے شمار مخلوقات پر نمایاں فضیلت عطا فرمائی ہے.... لازم ہے کہ انسان اپنے درون اور بیرون سے حملہ آور دباؤ کی ان سب صورتوں کے آگے ایک سخت مزاحمت کرے، بے شک وہ اپنی اس مزاحمت کے باعث اپنی بہت سی جائز خواہشات کو پوراکرنے سے محروم کیوں نہ رہ جائے....

نفس کو اگر کسی بھی دیکھ بھال اور نگہداشت کے بغیر چھوڑ دیا جائے تو اس کا معدن کمزور پڑ جاتا ہے۔ پھر یہ ایک ناتواں نفس ہوتی ہے جو کسی دباؤ اور کسی حملہ کے آگے مزاحمت کی طاقت نہیں رکھتی۔ محتلف عوامل کے آگے یہ بڑے آرام سے مُچ جاتی ہے۔ ’خواہشات‘ اور ’واقعات‘ اس کو جو صورت دیں بس یہ وہی صورت اختیار کرلیتی ہے۔ یہ بات مستکبرین کو اور بھی انگیخت دیتی ہے کہ کمزور نفوس پر وہ اپنا دباؤ بڑھا دیں تاکہ وہ اپنے شرورِ نفس اور اپنی پراگندہ خیالی کیلئے لوگوں کو اور بھی جھکائیں۔ تب پھر زمین میں ایک بڑا فساد برپا ہو اور ہر طرف بگاڑ اور انحراف پھیل جائے:

ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ (الروم:41)

بحر وبر میں، لوگوں کی بداعمالیوں کے باعث، فساد پھیل گیا ہے

”لوگوں کی بداعمالیوں کے باعث“.... چاہے یہ جباروں کی سرکشی ہو اور چاہے کمزوروں کا ان کے مطالبوں کے آگے سر جھکانا، سب فساد ہے جو زندگی کو اس رخ پرنہیں آنے دیتا جس پر کہ، خدا کے حکم کی رو سے، اسے ہونا چاہئے....

یہاں ایک بار پھر تربیت کا وہ کردار نمایاں ہوتا ہے جو نفس میں وہ ٹھوس پن پیدا کرنے کیلئے ناگزیر ہے جو اس کو دباؤ کی ان مختلف صورتوں کے آگے جم جانے کی صلاحیت دے۔ اسلام کی فکری بنیادوں اور نظریاتی اصولوں پر محنت انسان کی نفسیات اور اس کے کردار میں وہ قوت لے آنے کا باعث ہوتی ہے جو کسی حملے کے آگے ڈھیر ہو جانے یا کسی دباؤ کے تحت لچک اپنانے سے نفس انسانی کا تحفظ کرے۔ جس قدر ان فکری اصولوں اور اخلاقی قدروں سے اس کا تمسک زیادہ ہوگا اسی قدر نفس میں وہ ٹھوس پن آئے گا جو اس معرکۂ خیر وشر میں اس کی قوتِ مدافعت اور فعالیت میں اضافہ کرے۔ فکری بنیادوں اور اخلاقی قدروں سے یہ ’تمسک‘ جس چیز کا نتیجہ ہوتا ہے وہ ہے درست تربیتی عمل جس پر ایک لگاتار اور درجہ بدرجہ محنت ہوتی ہو۔ مگر فکری اصولوں اور نظریاتی بنیادوں سے انسان کا یہ تمسک بھی اسی بات کا محتاج ہے کہ پہلے نفس کو اھواءپر ضبط پانے کا باقاعدہ طور پر عادی کیا جائے جبکہ نفس کو عملاً کسی بات کا عادی کرنے کیلئے ایک مسلسل محنت کی ضرورت بہرحال مسلم ہے۔ چنانچہ فکری اصولوں اور اخلاقی قدروں پر محنت اور نفس کو عملاً مشقت اور برداشت کا عادی کرنا، یہ وہ دو باتیں ہیں جن کے بغیر اس مشن کے فرائض اور تکالیف کا قیام عمل میں آنا ممکن نہیں۔ ’تمسک‘ سے یہ دونوں ہی پہلو مراد ہیں:

فَاسْتَمْسِكْ بِالَّذِي أُوحِيَ إِلَيْكَ إِنَّكَ عَلَى صِرَاطٍ مُّسْتَقِيمٍ (الزخرف: 43)

تم پر جو کچھ وحی ہو، پس تم اسی سے پورا تمسک رکھو، یقینا تم ہی سیدھے راستے پر ہو

وَالَّذِينَ يُمَسَّكُونَ بِالْكِتَابِ وَأَقَامُواْ الصَّلاَةَ إِنَّا لاَ نُضِيعُ أَجْرَ الْمُصْلِحِينَ (الاعراف: 170)

جو لوگ کتاب وحی سے تمسک اختیار کرکے رکھتے ہیں اور جنہوں نے نماز قائم کر رکھی ہے، یقینا ایسے نیک کردار لوگوں کا اجر ہم ضائع نہیں کریں گے

تربیت کی ضرورت یہاں پر بھی ختم نہیں ہو جاتی۔ نہ ہی تربیت کے تحت دین کا یہ کل مطلوب ہے۔ خصوصاً اس امت میں۔

خدا کی مشیئت اس بات کی متقاضی ہوئی ہے کہ سب کے سب انسان ایک ہی امت نہ ہوں:

وَلَوْ شَاء رَبُّكَ لَجَعَلَ النَّاسَ أُمَّةً وَاحِدَةً وَلاَ يَزَالُونَ مُخْتَلِفِينَ۔ إِلاَّ مَن رَّحِمَ رَبُّكَ وَلِذَلِكَ خَلَقَهُمْ (ھود: 118۔119)

بے شک تیرا رب اگر چاہتا تو تمام انسانوں کو ایک گروہ بنادیتا۔ مگر وہ اختلافات کرتے ہی رہیں گے سوائے وہی جن پر تیرے رب کی رحمت ہے۔ اسی (آزادیِ اختیار) کیلئے ہی تو اس نے انہیں پیدا کیا ہے

هُوَ الَّذِي خَلَقَكُمْ فَمِنكُمْ كَافِرٌ وَمِنكُم مُّؤْمِنٌ(التغابن: 2)

وہی ہے جس نے تم کو پیدا کیا۔ پھر تم میں سے کوئی کافر ہے اور کوئی مومن....

خدا کی یہ سنت ٹھہری ہے کہ زمین کی اس دُنیا میں مومنوں اور کافروں کے مابین ایک کشمکش برپا ہو اور اہل حق اور اہل باطل اپنے اپنے مسلکِ زندگی کے حق میں اور ایک دوسرے کے منہجِ عمل کے خلاف اپنا زور صرف کریں۔ تاکہ زمین میں غلبۂ باطل کے باعث ناقابل تدارک حد تک فساد نہ پھیل جائے۔

وَلَوْلاَ دَفْعُ اللّهِ النَّاسَ بَعْضَهُمْ بِبَعْضٍ لَّفَسَدَتِ الأَرْضُ وَلَـكِنَّ اللّهَ ذُو فَضْلٍ عَلَى الْعَالَمِينَ(البقرۃ:251)

اگر اس طرح اللہ انسانوں کے ایک گروہ کو دوسرے گروہ کے ذریعے سے نہ ہٹاتا رہتا، تو زمین کا نظام بگڑ جاتا، لیکن دُنیا کے لوگوں پر اللہ کا بڑا فضل ہے

خدا اس بات سے عاجز نہیں کہ وہ اہل باطل کو خود ہی تباہ کر دے اور ان کی سرکشی اور طغیانی کا آپ ہی صفایا کر دے جبکہ وہ وہی ذات تو ہے جو کسی چیز کو، ہوجانے کیلئے، صرف ”کُن“ کہتی ہے:

إِنَّمَا قَوْلُنَا لِشَيْءٍ إِذَا أَرَدْنَاهُ أَن نَّقُولَ لَهُ كُن فَيَكُونُ (النحل: 40)

”ہمیں کسی چیز کو وجود میں لانے کیلئے اس سے زیادہ کچھ نہیں کرنا ہوتا کہ اسے حکم دیں ”ہوجا“ اور بس وہ ہو جاتی ہے....“

مگر خدا کی سنت اس بات کی متقاضی ہوئی کہ اہل باطل کی تباہی اہل حق کے ہاتھوں ہو اور اُس کی اپنی مدد وتائید سے ہو، اور یہ کہ اہل حق کے حق میں یہ اس آزمائش کا ایک حصہ ہو جس کا، سنت خداوندی کی رو سے، اس زندگی میں پیش آنا ٹھہر گیا ہے۔ مگر بیک وقت یہ ان کے لئے ایک بڑا اعزاز اور شرف کا غیر معمولی مقام بھی ہو:

ذَلِكَ وَلَوْ يَشَاء اللَّهُ لَانتَصَرَ مِنْهُمْ وَلَكِن لِّيَبْلُوَ بَعْضَكُم بِبَعْضٍ (محمد: 4)

یہ ہے تمہارے کرنے کا کام۔ اللہ چاہتا تو خود ہی ان سے نمٹ لیتا مگر (یہ طریقہ اس نے اس لئے اختیار کیا ہے) تاکہ تم لوگوں کو ایک دوسرے کے ذریعہ سے آزمائے

فَلَمْ تَقْتُلُوهُمْ وَلَـكِنَّ اللّهَ قَتَلَهُمْ وَمَا رَمَيْتَ إِذْ رَمَيْتَ وَلَـكِنَّ اللّهَ رَمَى وَلِيُبْلِيَ الْمُؤْمِنِينَ مِنْهُ بَلاء حَسَناً إِنَّ اللّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ (الانفال: 17)

پس حقیقت یہ ہے کہ تم لوگوں نے انہیں قتل نہیں کیا بلکہ اللہ نے ان کو قتل کیا اور تو نے نہیں پھینکا بلکہ اللہ نے پھینکا (اور مومنوں کے ہاتھ جو اس کام میں استعمال کئے گئے) تو یہ اس لئے تھا کہ اللہ مومنوں کو ایک بہترین آزمائش سے کامیابی کے ساتھ گزار دے، یقینا اللہ سننے اور جاننے والا ہے

دین اسلام کا یہ پہلو، یعنی باطل کے خلاف مجاہدہ، زمین کی اصلاح اور -فساد سے اس کا تحفظ کرنے کی غرض سے - باطل کے پیر اکھاڑ دینے میں مسلسل مصروف عمل رہنا.... یہ اس ’آزمائش‘ کی وہ بلند ترین چوٹی ہے جس تک انسان کو اس زندگی میں پہنچنا ہوتا ہے۔ یہی ”ذروۃ سنام الاسلام“ .... اسلام کے کوہان کی چوٹی ہے۔ یعنی یہ منہتائے سعی وکاوش ہے۔

ألا أخبرک برأس الأمر، وعمودہ، وذروۃ سنامه؟ قلت: بلی یا رسول للہ۔ قال رأس الأمر الاسلام، وعمودہ الصلة وذروۃ سنامه الجھاد (اخرجہ الترمذی)

کیا میں تمہیں نہ بتاؤں کہ دین کی اساس کیا ہے، دین کا ستون کیا ہے اور اس کے کوہان کی چوٹی کیا ہے؟ میں (معاذ بن جبلؓ) نے عرض کی: کیوں نہیں اے اللہ کے رسول! فرمایا: دین کی اساس حقیقت اسلام ہے۔ دین کا ستون نماز ہے اور دین کے کوہان کی چوٹی جہاد ہے

اب یہ امر ایک اور بھی خاص درجے کی استعداد اور ایک طویل تربیتی عمل کا ضرورت مند ہے۔ جسمانی اور مادی استعداد سے پہلے ایک نفسیاتی اور روحانی استعداد۔ یہ تربیت کی ایک ایسی سطح ہے جس تک نہیں پہنچا جا سکتا تاآنکہ انسان اس سے پہلے کے دونوں مدارج کو پہنچ لے۔ یعنی نفسیاتی ونظریاتی صلاحیت اور ضبط خواہشات۔ یوں تربیت کے یہ تین مدارج سامنے آتے ہیں: ضبط اھواءسے شروع ہو کر جہاں یہ نفس کیلئے ایک عادت اور معمول کا درجہ اختیار کر لے.... اور فکری اصولوں اور اخلاقی قدروں میں پختگی کے مرحلہ سے گزرتے ہوئے.... نفس اور مال کے ساتھ جہاد کی استعداد تک پہنچنا اور اس پر صبر اور ثبات اختیار کرنا۔

اس کے بعد پھر ایک آخری سطح ہے۔ خیر القرون کی بابت اپنی اس گفتگو میں اس کی جانب اشارہ کر دینا بھی ضروری ہے، خاص طور پر امت کی نسلِ اول (صحابہ) کی بابت۔ یہ عبادت کی رضاکارانہ صورتوں کے ایک اعلیٰ معیار کا التزام ہے۔ یہ درجہ واجبات اور فرائض سے گزر کر آتا ہے۔ یہ ”مندوبات اور مستحبات“ کی سطح کو چھونا ہے جس میں آدمی مندوبات و مستحبات کو بھی اپنے حق میں واجبات کا درجہ دے لیتا ہے، بغیر اس کے کہ اللہ اور رسول اس کو اس بات کا پابند کریں۔ مگر اللہ اور رسول کی محبت میں آدمی ازخود یہ ذمہ اٹھا لیتا ہے۔ یہ عبادت کو اللہ کیلئے خالص کر دینے اور اس کی خوشنودی کی چاہت کرنے کا آخری درجہ ہے کہ ایک بات جو اس پر فرض نہ کی گئی ہو مگر وہ اس کو فرض ہی کی طرح ادا کرنے پر کاربند ہو۔ یہ ایک ایسی سطح ہے جس کے اعلیٰ ترین مقامات تک رسول اللہ ﷺ کے زیر تربیت رہنے والی صحابہ کی وہ منفرد ترین نسل پوری کامیابی کے ساتھ پہنچی تھی۔ اگرچہ امت کی بعد کی نسلوں میں سے کوئی بھی نسل اور کوئی بھی دور ایسے افراد سے خالی نہ رہا جو بلندی کے اس عظیم مقام کو کامیابی سے چھو لیتے رہے ہیں۔

 

٭٭٭٭٭٭

 

Print Article
Tagged
متعلقہ آرٹیکلز
ديگر آرٹیکلز
جہاد- سياست
حامد كمال الدين
آج میرا ایک ٹویٹ ہوا: مذہبیوں کے اس نظامِ انتخابات میں ناکامی پر تعجب!؟! نہ یہ اُس کےلیے۔ نہ وہ اِ۔۔۔
باطل- اديان
ديگر
حامد كمال الدين
بھارتی مسلمان اداکار کا ہندو  کو بیٹی دینا… اور کچھ دیرینہ زخموں، بحثوں کا ہرا ہونا تحریر: حامد کما۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
"فرد" اور "نظام" کا ڈائلیکٹ؛ ایک اہم تنقیح تحریر: حامد کمال الدین عزیزم عثمان ایم نے محترم سرفراز ف۔۔۔
Featured-
حامد كمال الدين
مالکیہ کے دیس میں! تحریر: حامد کمال الدین "مالکیہ" کو بہت کم دیکھنے کا اتفاق ہوا تھا۔ افراد کے طور ۔۔۔
حامد كمال الدين
"سیزن" کی ہماری واحد پوسٹ! === ویسے بھی "روایات و مرویات" کی بنیاد پر فیصلہ کرنا فی الحقیقت علماء کا کام ہ۔۔۔
راہنمائى-
شيخ الاسلام امام ابن تيمية
صومِ #عاشوراء: نوویں اور دسویںمدرسہ احمد بن حنبل کی تقریرات"اقتضاء الصراط المستقیم" مؤلفہ ابن تیمیہ سے ایک اقت۔۔۔
باطل- فكرى وسماجى مذاہب
تنقیحات-
حامد كمال الدين
ماڈرن سٹیٹ محض کسی "انتخابی عمل" کا نام نہیں تحریر: حامد کمال الدین اپنے مہتاب بھائی نے ایک بھلی سی تحریر پر ۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
روایتی مذہبی طبقے سے شاکی ایک نوجوان کے جواب میں تحریر: حامد کمال الدین ہماری ایک گزشتہ تحریر پ۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
ساحل عدیم وغیرہ آوازیں کسی مسئلے کی نشاندہی ہیں تحریر: حامد کمال الدین مل کر کسی کے پیچھے پڑنے ی۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
خلافت… اور کچھ ’یوٹوپیا‘ افکار تحریر: حامد کمال الدین گزشتہ سے پیوستہ: دو سوالات کے یہاں ہمیں۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
خلافت مابین ‘جمہوری’ و ‘انقلابی’… اور مدرسہ اھل الاثر تحریر: حامد کمال الدین گزشتہ سے پیوستہ: رہ ۔۔۔
تنقیحات-
حامد كمال الدين
عالم اسلام کی کچھ سیاسی شخصیات متعلق پوچھا گیا سوال تحریر: حامد کمال الدین ایک پوسٹر جس میں چار ش۔۔۔
باطل- فرقے
حامد كمال الدين
رافضہ، مسئلہ اہلسنت کے آفیشل موقف کا ہے تحریر: حامد کمال الدین مسئلہ "آپ" کے موقف کا نہیں ہے صاحب،۔۔۔
Featured-
باطل- فرقے
حامد كمال الدين
رافضہ کی تکفیر و عدم تکفیر، ہر دو اہل سنت کا قول ہیں تحریر: حامد کمال الدین ہمارے یہاں کی مذہبی (سن۔۔۔
تنقیحات-
اصول- منہج
Featured-
حامد كمال الدين
گھر بیٹھ رہنے کا ’آپشن‘… اور ابن تیمیہؒ کا ایک فتویٰ اردو استفادہ: حامد کمال الدین از مجموع فتاوى ا۔۔۔
Featured-
تنقیحات-
حامد كمال الدين
ایک نظامِ قائمہ کے ساتھ تعامل ہمارا اور ’اسلامی جمہوری‘ ذہن کا فرق تحریر: حامد کمال الدین س: ۔۔۔
اصول- ايمان
اصول- ايمان
حامد كمال الدين
عہد کا پیغمبر تحریر: حامد کمال الدین یہ شخصیت نظرانداز ہونے والی نہیں! آپ مشرق کے باشندے ہیں یا ۔۔۔
تنقیحات-
راہنمائى-
حامد كمال الدين
مابین "مسلک پرستی" و "مسالک بیزاری" تحریر: حامد کمال الدین میری ایک پوسٹ میں "مسالک بیزار" طبقوں ۔۔۔
کیٹیگری
Featured
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
Side Banner
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
احوال
تبصرہ و تجزیہ
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
اداریہ
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
اصول
منہج
حامد كمال الدين
ايمان
حامد كمال الدين
منہج
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
ایقاظ ٹائم لائن
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
ذيشان وڑائچ
مزيد ۔۔۔
بازيافت
سلف و مشاہير
حامد كمال الدين
تاريخ
حامد كمال الدين
سيرت
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
باطل
اديانديگر
حامد كمال الدين
فكرى وسماجى مذاہب
حامد كمال الدين
فرقے
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
تنقیحات
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
ثقافت
معاشرہ
حامد كمال الدين
خواتين
حامد كمال الدين
خواتين
ادارہ
مزيد ۔۔۔
جہاد
سياست
حامد كمال الدين
مزاحمت
حامد كمال الدين
قتال
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
راہنمائى
شيخ الاسلام امام ابن تيمية
حامد كمال الدين
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
رقائق
اذكار و ادعيہ
حامد كمال الدين
اذكار و ادعيہ
حامد كمال الدين
اذكار و ادعيہ
حامد كمال الدين
مزيد ۔۔۔
فوائد
فہدؔ بن خالد
احمد شاکرؔ
تقی الدین منصور
مزيد ۔۔۔
متفرق
ادارہ
عائشہ جاوید
عائشہ جاوید
مزيد ۔۔۔
مشكوة وحى
علوم حديث
حامد كمال الدين
علوم قرآن
حامد كمال الدين
مریم عزیز
مزيد ۔۔۔
مقبول ترین کتب
مقبول ترین آڈيوز
مقبول ترین ويڈيوز