وَنَسْتَغْفِرُكَ (شرح قنوت 11
|
:عنوان |
|
|
استغفار کوئی ایسا عمل نہیں جو محض فاسقوں اور فاجروں کے کرنے کا ہو! بس یوں سمجھو، جتنا کوئی خدا کا عارف اتنا وہ خدا سے بخشش مانگنے والا۔ یہ خدا کو جاننے والوں کا توشہ ہے۔ |
|
|
شرح دعائے قنوت
تحریر: حامد کمال الدین
11
وَنَسْتَغْفِرُكَ
"ہم تجھ سے بخشش مانگنے
والے"۔
وہ
بہترین الفاظ جو خطا کے پتلے کو خدائے بےنیاز کے آگے کہنا زیب ہیں۔ ایسا تو کبھی
ہو نہیں سکتا کہ انسان سے گناہ نہ ہو۔ خدا نے ہی اِس کی یہ سرشت نہیں بنائی۔ یہاں
تک کہہ دیا کہ بالفرض اگر یہ اِس سرشت پر نہ رہے تو خدا بھی اِس کو یہاں نہ رہنے
دے اور اس کی جگہ ایسی مخلوق لے آئے جو گناہ کر بیٹھے گی اور پھر اس پر خدا سے
معافیاں مانگا کرے گی۔ بس یہی چیز بندے میں خدا کو بہت پسند ہے۔ اور جان رکھو: خدا
کے سوا کوئی نہیں جو انسان سے گناہ کے اثر کو ختم کردے؛ پس خدا ہی وہ ذات ہے جس سے
قصوروں کی بخشش مانگی جائے۔ یہ بخشش مانگنا پس انسان کے حق میں اپنی سرشت کا
اعتراف بھی ہوا، خدا کی شانِ بےنیازی کا اقرار بھی، معاف نہ ہونے کی صورت میں اپنے
برباد ہونے کی دُہائی بھی، کرم کے اصل محل کی پہچان بھی۔ اور ذلت کا اظہار بھی؛
یعنی یہ بندہ جوابدہ اور وہ آقا پکڑ لینے والا... اور یوں متعدد وجوہ سے توحید کا
اِثبات۔ ذرا تصور کرو گناہ ایسی غلاظت اِس عمل کے نتیجے میں انسان سے دھل جائے!
استغفار بلاشبہ ایسا ہی ایک مُصَفِّی detergent ہے جو برے
سے برا داغ دھو کر رکھ دے۔ اور یہ تو تمہیں معلوم ہے وہ واحد چیز جو ابن آدم کو
خدا کی قربت کے لائق نہیں رہنے دیتی وہ گناہوں کی گندگی ہے۔ اور یہاں وہ نسخہ ہے
جو اُس کے اپنے ہی جناب سے آدم کو القاء ہوا: خدایا! اپنی جان پر ظلم کر بیٹھا، تو
نے اگر معاف نہ کیا تو میں کہیں کا نہیں۔ بس اِس ربر سے ہر خطا مٹا دی جاتی ہے اور
اِس لوح کا اُجلاپن دید کے لائق ہوتا جاتا ہے۔
خوب جان
رکھو! استغفار کوئی ایسا عمل نہیں جو محض فاسقوں اور فاجروں کے کرنے کا ہو! بس یوں سمجھو، جتنا کوئی خدا کا عارف اتنا وہ خدا
سے بخشش مانگنے والا۔ یہ خدا کو جاننے والوں کا توشہ ہے۔ نیکی اگر حقیقی ہو تو وہ
تو خدا کے آگے تمہاری کمر دہری کروا دیتی ہے؛ تمہاری ہر خوبی تمہاری نظر سے روپوش
ہو جاتی ہے اور نگاہ صرف اُس کی بخشش پر جا ٹکتی ہے۔ تو یہ وجہ ہے کہ دیکھنے والوں
نے سیدالبشرﷺ کو ایک ہی مجلس میں سو سو بار سے اوپر استغفار کرتے ہوئے نوٹ کیا۔ بِاَبِی ھو وأمیﷺ۔
پورا کتابچہ ایک پی ڈی ایف فائل میں خطِ نستعلیق کے ساتھ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجئے۔
قنوتِ وتر کی تینوں دعاؤں کے متن یکجا یہاں سے حاصل کریں۔
شرح دعائے قنوت مین پیج کےلیے یہاں کلک کریں۔
|
|
|
|
|
|