کوئی چیز کتاب اللہ و سنتِ رسول اللہؐ کا متبادل نہیں |
’’فہمِ سلف‘‘ جتنا بھی قیمتی اور ضروری ہے ’’کتاب اللہ اور سنت رسول اللہؐ‘‘ کا قائم مقام بننے کیلئے نہیں ہے۔ ’’قرآن‘‘ کو علم اور ایمان اور تحریک کا موضوع بنانا اور ’’سنت‘‘ کو اُمت کی اس نئی اٹھان کی بنیاد بنانا اپنی جگہ فرض ہے اور اُمت کی بنیادی ترین ضرورت۔ ’’فہمِ سلف‘‘ اس عمل کیلئے آلہ کا کام دے گا مگر خود اس عمل __ یعنی کتاب اللہ اور سنت رسول اللہؐ پر شبانہ روز محنت __ کی اہمیت اپنی جگہ باقی ہے۔
اس بنا پر وہ جامد سکہ بند رحجانات:
۔ جو اپنے منہجِ تربیت اور اپنے منہجِ تحریک میں اصل انحصار کتاب اللہ اور سنت رسول اللہؐ پر نہیں کراتے..
۔ جو عام آدمی کو قرآن اور سنت کو محض ہاتھ لگاتا دیکھ لیں تو ان علوم اور فنون کی ایک طویل فہرست گنوانے بیٹھ جاتے ہیں جن کے بغیر ان کے خیال میں کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ کو ہاتھ لگانا درست نہیں، اور جو کہ درحقیقت ایک ’مجتہد‘ کی ضرورت ہو سکتے ہیں نہ کہ ایک ’طالب علم‘ کی۔۔۔
۔ جو وقت کے انسان کو وحی کی نصوص میں غوطہ زن نہیں کراتے اور جو مصادرِ دین کا کوئی ’آسان متبادل‘ دینے پر ہی اصرار کرتے نظر آتے ہیں۔۔۔
تو دراصل یہ وہ رحجانات ہیں جن کو آپ اس معاملہ میں دوسری انتہا کہہ سکتے ہیں۔
اصل نصاب ہمارے ایمان اور عمل کیلئے خدا کی کتاب ہے اور اسکے رسولؐ کی سنت۔ ہاں البتہ اسکو پڑھنا ہمیں سلف سے ہے اور اسکے پڑھنے میں سلف کے فہم اور طریقہ سے مستغنی نہیں ہونا۔ اور نہ ہی اس میدان میں ’خودکفیل‘ ہونے کا کوئی زعم رکھنا ہے۔ مگر یہ کہ ’شرح‘ ہی ’’متن‘‘ سے کفایت کر جائے، ’’اصل نصاب‘‘ کہیں پس منظر میں ہی چلا جائے اور صرف ’ٹیسٹ پیپر‘ چلیں!۔۔۔ تو یہ منہج بھی نہ صرف غلط ہے اور ہم کو مصادر دِین سے ہی غافل کردیتا ہے بلکہ سب سے پہلے یہ سلف ہی کے طریقے سے متصادم ہے۔
یہ سوچ کہ بزرگوں نے کتاب وسنت سے جو نچوڑ نکالنا تھا وہ نکال لیا ہے اور ایک بڑی سطح پر بس اب ہم کو بزرگوں پرہی سب انحصار کرنا ہے، نسل درنسل اب قیامت تک ہمیں انہی کا التزام کرنا اور انہی کی دہرائی ہوئی عبارتیں دہراتے چلے جانا ہے .. یہ طرزِ عمل یا اندازِ فکر بھی اول الذکر (جدت پسند) انتہاء کی نسبت کچھ کم خطرناک نہیں۔
کتاب اور سنت کا ’نچوڑ نکال‘ لینے کا کیا مطلب؟؟؟ یہ تو وہ چشمہ ہے کہ اس سے جتنا بھی نکالا جائے اس کی سطح ذرہ بھر نیچی نہ ہو۔ زمانے اس سے سیراب ہو لیں اس میں کچھ بھی کمی نہ آئے۔ اور پھر اس کی تازگی کا تو کوئی بدل ہی نہیں۔ اشرف المخلوقات کی پیاس ہر دور میں ایمان کے صرف اس منبع سے بجھ سکتی ہے۔ کوئی چیز بھی اس کا ’متبادل‘ نہیں۔ کسی چیز کو اس کا نعم البدل ماننا یا عملاً ایسا تاثر دینا، احسنِ تقویم میں پیدا کی جانے والی اس مخلوق کے رتبہ سے فروتر ہے۔ انسان کی یہ تاریک دُنیا صرف آسمان کی روشنی سے ہی جلا پا سکتی ہے۔
سلف کا فہم اور سلف کا منہج تو جس چیز کا نام ہے وہ اس وحی کے چشمہ سے سیراب ہونے کا ہی دراصل وہ ادب اور وہ طریقہ ہے جس کے بغیر اس چشمہ سے انسان کو شفا اور سیریابی ہونے کی بجائے کوئی روگ لگ سکتا ہے }یُضِلُّ بِہِ کَثِیْراً وَیَہْدِیْ بِہِ کَثِیْراً (البقرہ: ۲۷)(۱)فَأَمَّا الَّذِیْنَ فیْ قُلُوبِہِمْ زَیْغٌ فَیَتَّبِعُونَ مَا تَشَابَہَ مِنْہُ ابْتِغَاء الْفِتْنَۃِ وَابْتِغَاء تَأْوِیْلِہ (آل عمران: ۷)(۲) { رہا یہ کہ دُنیا کی کوئی چیز انسان کو اس بات سے ہی مستغنی کردے کہ تاعمر وہ اسی چشمہ سے ہی بھر بھر کر پئے، تو اس بات کا، منہجِ سلف اور اصولِ اہلسنت سے دور نزدیک کا بھی کچھ واسطہ نہیں۔ وحی کے سوا کوئی گھاٹ نہیں جس سے خدا کی مخلوق پئے اور اپنی درماندگی کا مداوا کرے۔
ایک ایسا آدمی جو آپ کو بادشاہ کا پتہ دے سکتا ہے یا یقینی طور پر آپ کو بادشاہ تک پہنچا کر آسکتا ہے __ اپنی تمام تر اہمیت و افادیت کے علیٰ الرغم __ کیا ’بادشاہ‘ کا متبادل ہو سکتا ہے؟ اور اگر ایسا ہو تو اس سے بڑی محرومیت کیا ہو سکتی ہے؟!!
معاملہ یہ ہے کہ کلام اللہ ایک ایسا محیط کلام ہے کہ اس میں علم، ایمان اور حقیقت کے سمندر پوشیدہ ہیں۔ سنت، جوامع الکلم پرمشتمل ہے اور اس ذات کی وحی ہے جو وقت اور زمانے سے بلند وماوراء ہے۔ ایسی جامع چیز زمین پر اسکے سوا کبھی اتری ہی نہیں۔ اصولِ سلف اسکی وسعت کو محدود کر دینے کا نام نہیں بلکہ اسکی وسعت سے مستفید اورمحظوظ ہونے کے صحیح منہج کا نام ہے کیونکہ وحی کی تلقی کا یہ وہ انداز ہے جو خود صاحبِ وحی کے زیر نگاہ اور اسی کے زیر ہدایت پروان چڑھا اور جس کی سب تراش خراش صاحبِ وحی کے اپنے ہاتھوں ہوئی۔ البتہ اس میں قیامنت تک کی جو ضروریات عمدگی کے ساتھ سمو دی گئی ہیں وہ اپنی جگہ باقی ہیں۔ سلف نے کلام اللہ یا رسول اللہؐ کے جوامع الکلم کو معانی کے لحاظ سے محصور یا مقید نہیں کر دیا ہے۔ سلف نے کتاب اللہ و سنتِ رسول اللہؐ کا فہم لینے کے عمل کو دراصل وہ رخ دے دیا ہے جس کے نہ ہوتے ہوئے انسانی فہم منتشر ہو سکتا تھا اور کسی ایسی سمت میں جا سکتا تھا جو کہنے والے کا مقصود نہیں یا جو انسان کے زمین میں اپنا مطلوبہ کردار ادا کرنے میں مانع ہو۔
ہمیں جو کرنا ہے وہ یہ کہ فہمِ سلف کا استیعاب کرتے ہوئے خود اپنے دور میں خدا کی اس وحی سے ہی اپنا علمی، شعوری، روحانی، تہذیبی اور واقعاتی وجود برآمد کریں البتہ اس عمل کے ہر مرحلے میں اِسکے درست ہونے کی توثیق منہج سلف سے کراتے رہیں۔
یعنی نہ ’وحی‘ کا کام کبھی کسی دور میں ختم ہوتا ہے اور نہ ’انسان‘ کا۔ البتہ اس کا فورمیٹ وہی ہوگا جس کو منہجِ سلف یا اصولِ اہلسنت کہا جاتا ہے۔
پس یہ تین چیزیں ہیں:
۔ وحی، اپنی خالص حالت میں۔
۔ اپنے دور کا انسان، بلکہ اپنے دور کا ایک بھرپور اور جیتا جاگتا باشعور انسان۔
۔ اور پھر انسان کے وحی سے تعامل کرنے کا وہ درست طریقِ کار جو شارع کے اپنے زیر نگاہ قرنِ اول میں پایۂ تکمیل کو پہنچ کر بعد والوں کیلئے نظیر precedent کی حیثیت اختیار کرگیا۔
ہدایت پانے کا عمل انہی تین امور کا اجتماع ہے۔ ان تینوں میں سے کسی بھی چیز کا روپوش ہو جانا یا اس کا اپنی جگہ سے ہٹا دیا جانا غیر مطلوبہ نتائج برآمد کرنے کا ہی سبب بنے گا۔
___________
1۔"بہتوں کو وہ اس کے ذریعے ہدایت دیتا ہے اور بہتوں کو گمراہی"
2۔"پس البتہ وہ لوگ جن کے دلوں میں ٹیڑھ ہے تو وہ اس (کلام) کے ان حصوں کے پیچھے جاتے ہیں جو متشابہ ہوں، فتنہ کی تلاش میں اور اس کی تاویل کی تلاش میں"