افضل الذکر لا الہ الااﷲ
اﷲ کے دین کی حقیقت
معلوم ہونا انسان کے لیے دنیا میں سب سے بڑی نعمت ہوسکتی ہے !
یہ ’دین‘ کیا ہے جس
کی حقیقت معلوم ہونا دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے؟ وہ سب جذبات جو بندگی اور پرستش
کے الفاظ سن کر آپ کے تخیل میں سما سکیں وہ سب احساسات جو کسی بڑی طاقتور ہستی کا
شدید خوف آنے سے دل پر کبھی گزر جا ئیں ایسی وارفتگی جو کسی کی چاہت اور محبت میں
سب کچھ بھلا دے۔ ایسی عاجزی اور حاجتمندی جو انسان کو اپنی سکت سے بے خبر کردے ۔
وہ کیفیت جو وفا اور رضا جوئی کی انتہا ہو او ر دل میں آپ سے آپ موجزن ہو ۔ ایسا
کردار جس میں اطاعت اور فرما نبرداری مجسم ہو کر انسان کی شکل دھارلے۔۔۔ ’دین‘
حقیقت میں خشیت اور محبت کا ایک ایسا ہی بے اختیار جذبہ ہے ۔ بندگی کا ایک لطیف
احساس ہے اور کردار کی ٹھوس حقیقت!
اتنی وسعت اور گہرائی
تو ابھی لفظ ’دین‘ کی ہے! مگر جب یہ ’دین‘ اﷲ وحد ہ لاشریک کے لیے ہو جائے پھر تو
اس کی وسعت کی کوئی انتہا نہیں رہتی۔ اس کیفیت کی تعبیر کے لیے تب انسان کے پاس
تکبیر اور تسبیح کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا ! جنتا بڑا معبود ہوگا اتنا ہی بڑا اس
کا تعارف ہوگا ! اب اﷲ سے بڑا کون ہے؟ زمین میں یاآسمانوں میں ؟ وہ تمام جہانوں کا
رب ہے جو کچھ نظر آتا ہے جو بڑی سے بڑی چیز ذہن کو متاثراور مرغوب کرسکتی ہے ،
اسکی ہے۔ جس ہولناک سے ہولناک مخلوق کا دل پر خوف اور لرزہ طاری ہوسکتا ہے اسکی ہے
اور اس کے عذاب سے پناہ مانگتی ہے جو حسین سے حسین چیز کہیں پائی جاسکتی ہے اور
لذت و لطف کی انتہا کہلاسکتی ہے اس کی قدرت کا کمال ہے پھر اس کی قدرت میں صر ف
یہی نہیں اس سے بڑھ کر اور بہت کچھ ہے۔۔۔ اتنا کچھ کہ جو نظر آتا ہے عقل میں سماتا
ہے وہ اس کے سامنے کچھ نہیں جو نظر سے اوجھل ہے اور عقل پر بھاری ہے۔ اس کی عظمت
کے آگے تو بس سجدہ ہوسکتا ہے صرف ماتھا دھرا جاسکتا ہے تخیل اور عقل کو اس کا
احاطہ کرنے کے لیے نہیں اس کو سجد ہ کرنے کے لیے وجود ملتا ہے! انسان اسکی کبریائی
کو صرف اپنی عاجزی کا واسطہ دے سکتا ہے۔ ایک انسان ہی کیا زمین و آسمان کی ہر
مخلوق اس کے لطف و رحمت کو اپنی ذات اور لاچار ی ہی کا واسطہ دیتی ہے۔
اتنے بڑے معبود کی
پہچان بھی کتنی بڑی ہوگی! اس کی صفات کا احاطہ کر بھی کون سکتا ہے! اور اس کی عظمت
کا اعتراف تو ہو بھی کیونکر سکتا ہے ! لوگ تو اپنے چھوٹے چھوٹے اور حقیر معبودوں
کی تعظیم سے سیر نہیں ہوتے وطن کے گیت گاتے نہیں تھکتے ۔ قوم کی ترقی کا ورد نہیں
چھوڑتے ۔ ملک کے استحکام پر جان دے دیتے ہیں ۔ آزادی پر تو قومیں اپنی نسلیں وار
دیتی ہیں ۔ انسانی حقوق کی راہ میں قربانیاں ایک انسان کو امر کرجاتی ہیں۔ اور لوگ
اس کے فنا ہوجانے کے بعد اس کے مجسمے تک پوجتے ہیں لوگ جمہوریت کی بحالی کے لیے’
شہید ‘ہوتے ہیں۔ کرکٹ میچ ہارنے یا جیتنے پر لوگوں کو دل کے دورے پڑ جاتے ہیں ۔
سیاسی اور فلمی ستاروں کی موت پر غشیاں پڑنے لگتی ہیں۔ قبیلے ، برادری اور ملک کی
جنگ میں مائیں اپنے سپو ت پیش کردینا ہر دور میں باعث شرف سمجھ لیتی رہی ہیں ۔ قوم
کے محسنوں کو زندہ و پائندہ باد کے نعروں سے صبح شام عقیدت کا خراج پیش کیا
جاتاہے۔ وطن کے پرچم کو ’ایڑی چوٹی‘ کے پورے زرو سے سیلوٹ ہوتا ہے اور قومی تفاخر
کے مواقع پراس کی مورتی[مورتی صرف جاندار کی حرام نہیں اﷲ کے سوا جس چیز کی تعظیم
ہو اسکی مورتی حرام ہے مثلا صلیب جاندار نہیں ،کمیونسٹوں کا ہتھوڑا اور درانتی
جاندار نہیں مگر شرک ہے] دل کے پاس سینے پر سجائی جاتی ہے۔ پتھر اور لکڑی جیسی
حقیر چیزیں بھی اگر قومی یادگاروں میں استعمال ہو جائیں تو انکے تقدس کا یہ حال
ہوتا ہے کہ ایسے پتھر او رلکڑی کے لیے توڑنے یا گرانے کے لفظ تک حرام ہوجاتے ہیں
کسی بھی قوم کے ہیرو یا ملک کے بانی کی توہین ہو جائے یا اسکے بت کی بے حرمتی اس
پرجلوس نکل سکتے ہیں اس کے لیے معمولی نازیبا الفاظ کے استعمال پر قیامت برپا
ہوسکتی ہے ۔ اگرچہ رب العالمین کے ساتھ صبح و شام وہاں کیسا بھی کفر اور بغاوت
ہوتی رہے۔ ایک ہاتھ پیر ہلانے سے عاجز بزرگ کی پس مرگ زیارت کے لیے ہزاروں میل کا
سفر پیادہ پا کرکے عقیدت کا ’ادنی ‘ سا اظہار کیا جاتا ہے ایک مردے کی قبر کی
توسیع کےلئے یہاں آدھا شہر اٹھادیا جاتا ہے ایک مٹی میں ملے معبود کی خوشی کی خاطر
ہزاروں زندوں کا نقصان خوشی خوشی جھیلنا سعاد ت سمجھی جاتی ہے
حیران کن بات تو یہ
ہے کہ ان جھوٹے اور حقیر معبودوں کے لیے یہ جو کچھ ہوتا ہے اس میں ان معبودوں کا
کوئی بھی کمال نہیں ۔ دراصل ’عبادت‘ ایک جذبہ ہی ایسا ہے! بندگی چیز ہی ایسی پیاری
اور خوبصورت بنائی گئی ہے ! تبھی تو صرف یہ اﷲ کاحق ہے!! پرستش مرمٹنے کا نام ہے
سچ پوچھیں تو مر مٹنے کا اپنا مزہ ہے اس کے بغیر انسان ادھورا ہے تبھی تو لوگ
دیوانے ہوجاتے ہیں مرمٹنے کے لیے کوئی بھی چیز ڈھونڈ تے ہیں ۔ مٹی نہ ملی تو پتھر
اٹھا لیا۔ پتھر نہ ملا تو لکڑی تراش لی لکڑی سے جی بھر گیا تو پلاسٹک سے بہلا لیا۔
زندوں سے مایوس ہوا تو مردوں کا رخ کرلیا۔ کیسی وحشت ناک زندگی ہے یہ ! اصل معبود
نہ ملے تو انسان کیسے پاگل ہوجاتا ہے! کیسے کیسے خبط مارتا ہے ۔ انسان اﷲ سے واقف
نہ ہو تو کتنا حقیر ہوجاتا ہے! کیسی گھٹیا حرکتیں کرتا ہے!قوم پر مرتا ہے ۔ عصبیت
پہ فدا ہوتا ہے۔ روپے کو خدا بنالیتا ہے۔ پیسے کو خوشی اور غم کا راز سمجھ بیٹھتا
ہے۔ لکڑی ، پتھر اور کپڑے کے حضور کبھی مذہبی اور کبھی قومی جوش و خروش کے ساتھ
آداب اور کورنش بجالاتا ہے مردوں کو خوش کرنے کے لیے معصوم بچوں کے منہ کا نوالہ
چھین کر ایک بے حس و حرکت معبود کو چڑھاوا دے آتا ہے۔ زندوں اور مردوں کو ہیر و
بنا کر پوجتا ہے۔ اور انکی شان میں گستاخی کو برداشت سے باہر سمجھتا ہے حقیر
ہستیوں کی عظمت و نامو س کے لیے مرنے مرانے پر اترآتا ہے ۔ملک کی عزت پہ کٹ مرتا
ہے اور وطن کی مٹی کو سلام پیش کرتا ہے ۔۔۔ اور وہ مالک ارض و سماوات جو حق رکھتا
ہے اس جان پر، پرستش کے ان نفیس جذبات پر اس ایک کو بھول جاتا ہے !کیسا ظالم ہے وہ
انسان جسے عقیدت اور بندگی کا خراج دینے کو جہانوں کا رب نظر نہ آئے تو وہ اسے مٹی
پہ ڈھیر کردے !
اذقال لابیہ و قومہ
ما ذا تعبدون ؟ ا ئفکا آلھتہ دون اﷲ تریدون فما ظنکم برب العالمین (الصافات85-87)
(ابراہیم نے ) جب اپنے باپ اور اپنی قوم سے کہا یہ کیا تم پوجنے بیٹھے ہو؟ نرے بے
حقیقت من گھڑت معبود ۔ یہ تم اﷲ کو چھوڑ کر پوجنا چاہتے ہو ؟تو پھر یہ بتلائو کہ
تم نے رب العالمین کو کیا سمجھ رکھا ہے؟
مالکم لا ترجون ﷲ
وقارا؟ وقد خلقکم اطوار ۔ الم ترواکیف خلق اﷲ سبع سماوات طباقا و جعل القمر فیھن
نورا و جعل الشمس سراجا و اﷲ انبتکم من الارض نباتا ثم یعیدکم فیھا و یخرجکم
اخراجا واﷲ جعل لکم الارض بساطالتسلکو ا منھا سبلا فجا جا(نوح 13-20)(نوح نے کہا)
تو کیا تمہیں بس ایک اﷲ ہی کے مرتبے کا پاس نہیں !وہ تووہ ہے جس نے تمہیں طرح طرح
سے بنایا ۔ کیا دیکھتے نہیں وہ اﷲ نے جس طرح سات آسمان تہ در تہ بنائے۔ پھر ان میں
چاند کا اجالا کردیا اور سورج کا چراغ دھردیا، او ر تم کو بھی زمین سے کیا عجب
طریقے سے اگا یا اور وجود دیا اور کیسے وہ تمہیں پھر اسی مٹی میں ملا دے گا پھر اس
سے یکایک وہ تم کو نکال کھڑا بھی کرلے گا۔ اور زمین کا دیکھو تمہارے لیے کیسا فرش
بچھایا تاکہ تم اس کے اندر کھلے راستوں میں چلو"
یہ بندگی تو بذات خود
کتنی بڑی زبردست اور حیران کن چیز ہے ! پھر جب یہ اﷲ کے لیے ہوجائے ۔۔۔ اور ایک
اسی کی ہوجائے ۔۔۔ تب تو یہ دنیا کا سب سے بڑا واقعہ کیو ں نہ ہو صرف سب سے بڑا
واقعہ بلکہ خوبصورت ترین اور برحق ترین بھی!
غرض اﷲ کے دین کا
مطلب ہوا کہ آدمی کو بندگی کی اصل حقیقت معلوم اور پھر ۔۔۔ اﷲ کی پہچان ہوجائے تب
اس کی خوشی اور سعادت کا کوئی ٹھکانہ ہی نہیں رہتا ۔ علم کے یہ دو ہی حقیقی میدان
ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ دونوں اشرف العلوم ہیں ۔ بندگی کی حقیقت اور اﷲ کا تعارف
پھر انکے ساتھ ایک تیسری چیز اور شامل ہوجاتی ہے جس کی سب کی سب اہمیت ہے تو انہی
دو باتوں کے دم سے مگر اہمیت بہت ہے بلکہ اتنی زیادہ کہ لگتا ہے یہی اصل ہے اس علم
کا نام شر ک سے بچنا اور مشرکوں سے براءت رکھنا ہے ۔ دراصل دین کوئی مصنوعی چیز
نہیں ۔ بندگی کا جذبہ انسان کے اندر کوٹ کوٹ کر بھرا ہے کسی نہ کسی چیز کو ٹوٹ کر
چاہنا انسان کی مجبوری ہے پھر جسے یہ ٹوٹ کر چاہے اسے پا نہ سکنے کا ڈر اور بے
یقینی کے اندیشے اس کو سب سے زیادہ بے چین رکھتے ہیں حتی کہ اس کو پالے تب بھی اسے
بچا رکھنے کی لگن اور اس کے چھن جانے کا خوف ہمیشہ اس پر طاری رہتا ہے مضبوط سے
مضبوط انسان بھی ہر دم انجانے خدشوں کا اسیر رہتا ہے ۔ بس چاہت اور ڈر کی یہی حالت
اور امید و یاس کی یہی کیفیت ’دین‘ اور ’بندگی ‘ کہلاتی ہے جیسے پانی کا بہاؤ رکتا
نہیں کہیں نہ کہیں سے اپنا راستہ بنا لیتا ہے اسی طرح عبادت انسان کے اندر سے باہر
آجانے کے راستے ڈھونڈ لیتی ہے اس کو کہیں نہ کہیں ضرور نکلنا ہے ! یہاں اگر انسان
اپنے اصل معبود کو ٹھیک ٹھیک نہ پہچانتا ہو تو کوئی او ر شخص یا اورچیز اس کو
معبود سے بڑھ کر یا اس جتنی اچھی لگنے لگے گی کسی اور چیز کی عظمت اور سطوت ا س کو
اپنا اسیر کرلے گی او راﷲ سے بڑھ کر خوفزدہ کرے گی۔ یو ں وہ اﷲ کو چھوڑ کر یا اﷲ
کے ساتھ ایک اس کی بھی کچھ بندگی کرنے لگے گا۔ چاہے وہ اس بات کا شعور نہ رکھے اور
چاہے وہ اسے بندگی کا نام دینے تک کا روادار نہ ہو مگر یہ حقیقت اپنی جگہ رہے گی
۔۔۔ اس شرک کا سبب پھر یہی تو ہوا کہ وہ خالق کی پہچان سے کورا اور تہی دامن رہا ۔
بس یو ں سمجھو کہ صاف ستھری اور پاکیزہ غذا پا س ہو مگر کورا پن کی وجہ سے دکھائی
نہ دے تو آدمی کوڑے کے ڈھیر سے بھوک مٹانے لگے ۔ بھوک تو بھوک ہے اور انسان کو
ضرور لگتی ہے پیٹ میں کچھ بھی پڑجائے تو ذرا دیر کے لیے سہار ا ہو ہی جاتا ہے !مگر
غلاظت کھا کھا کر کوئی اس کا رسیا ہوجائے تو ایک وقت ایسا بھی آتا ہے کہ انسان کی
بو کی حس مرجاتی ہے تب گندگی اور پاکیزگی اس کے حساب سے ایک برابر ہوتی ہے ۔ بلکہ
کسی دوسرے کی نسبت اس کو اپنا ہی ’ذوق‘ بہتر لگتا ہے! چنانچہ اسلام صرف یہ نہیں کہ
آدمی شرک کی غلاظت سے بچے اور توحید کی پاکیزگی اختیار کرلے ۔ بلکہ پورا اسلام یہ
ہے کہ آدمی غلیظ لوگوں سے بھی دور رہے اور پاکیزگی پسندوں میں صبح و شام اپنا نام
لکھوائے اور ان میں مل کر ایک جتھا بنے۔
ان اﷲ یحب التوابین و
یحب المتطھرین(البقرہ٢٢٢)٭" اﷲ کووہ لوگ پسند ہیں جو توبہ کرتے رہنے والے ہوں اور
پاکیزگی کے پیکر"
ان اﷲ یحب الذین
یقاتلون فی سبیلہ صفا کانھم بنیان مرصوص (الصف٤)٭ "اﷲ کو وہی
لوگ پسند ہیں جو ایک صف بن کر اسکے راستے میں لڑتے ہیں گو یا وہ کوئی سیسہ پلائی عمارت
ہیں"
اس’ مشرکوں سے برات‘
میں’ شرک سے اجتناب‘ خود بخود آ جاتا ہے اسی لیے قرآن اس پر بے انتہا زور دیتا ہے
اور ابراہیم کاتعارف ’ماکان من المشرکین‘ کہہ کر کراتا ہے ’کہ وہ مشرکوں سے الگ
تھلگ رہنے والا تھا‘
چنانچہ شرک یا مشرکوں
سے قربت کا باعث یا تو خالق کی پہچان سے محرومی ہو سکتی ہے اور یا پھر بندگی کی
حقیقت سے نا آشنائی ۔ آدمی اپنے فعل کا مطلب نہ جانتا ہو تو اس کو کیا معلوم کہ وہ
کسی کی بندگی کررہاہے یا اپنا کوئی روزمرہ کا کام !خصوصا ’عبادت‘ اگر وہ ’مذہب‘
اور ’دھرم‘ کے چند مخصوص افعال ہی میں محدود سمجھ لے اور عبادت کے بہت سے کام
عبادت نہ جان کر غیر اﷲ کے لیے کرتا رہے[جیسا کہ عدی بن حاتم کے بیان کے مطابق
(مسند احمد) بہت سے نصار یٰ کو معلوم نہ تھا کہ کسی سے حلال اور حرام کے پیمانے
لینا اس کی عبادت کرنا ہے جیسا کہ آج بہت سوں کو معلوم نہیں کہ کسی کا قانون تسلیم
کرنا دراصل اسکی عبادت ہے] تو چاہے لاکھ وہ اﷲ کی حمد اور تسبیح اور رکوع و سجود
کا قائل رہے اس کی بدبختی کے لیے یہ بھی کافی ہے اس صورت میں بھی و ہ شرک کا مرتکب
ہوسکتا ہے اور مشرکوں کا ساتھی ۔ نتیجہ یہ نکلا کہ اس بدبختی سے بچنے کے لیے اور
ابدی سعادت کے حصول کی خاطر بندگی کا مطلب جاننا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ
معبود کا تعارف!
چنانچہ اب ہمارے پاس
تین چیزیں ہوگئیں ۔ اﷲ کا تعارف۔ بندگی کی حقیقت اور شرک و مشرکین سے براءت ۔ یہ
تین باتیں اتنی عظیم الشان ہیں کہ بس یہی سکھانے کے لیے آسمان سے کتابیں نازل ہوتی
رہیں اور پے درپے رسول مبعوث ہوئے ۔ یہی باتیں ہر دور میں اہل حق کی دعوت کا
بنیادی مضمون رہیں اور یہی انکی ساری محنت اور جد و جہد کا اصل محور ۔ یہی انکی
بار بار کی تکرار کا موضوع تھا۔ اسی بات پر ہمیشہ انبیاءو صدیقین اور شہداءو
صالحین نے دنیا سے جنگ کی اور اسی پر صلح[لفظ صلح سے یہاں ہماری مراد ھدنہ یا
دوطرفہ طور پر طے شدہ وقتی جنگ بندی نہیں بلکہ قرب و اپنائیت اور پرا من بقائے
باہمی ہے ۔] ۔ صرف اسی پر انکی دوستی ہوئی اور اسی پر دشمنی ۔ اسی پر جینے کی تمنا
ہوئی اور اسی پر مرنے اور جان دینے کی آرزو ۔ ایسا ہو بھی کیوں نہ ، اس پر تو جنت
او رجہنم کے فیصلے کا مدار ہے ! آیئے ذرا اس پر غور کریں کہ اس مسئلہ پر اتنا زور
کیوں دیاگیااور رسولوں اور کتابوں کا یہی اصل موضوع کیونکر ہے ۔کہنے کو کہا جاسکتا
ہے کہ یہ باتیں جنہیں ہم دین توحید کا نام دیتے ہیں گنتی کے چندجملوں میں بیا ن
ہوسکتی ہیں۔پھر اسکے لیے اتنے لمبے چوڑے بیان کی کیا ضرورت تھی؟ یہ باتیں تو ایک
معمولی ادیب بھی ایک آدھ صفحے پر سمیٹ سکتا ہے پھر اس پر طوالت اختیار کرنے میں رب
العالمین کی آخر کیا حکمت ہوسکتی تھی؟ رسولوں اور نبیوں کو برسوں بلکہ صدیوں اس پر
جان کھپانے کی کیا احتیاج ہوسکتی ہے؟ ضرور قرآن کا اصل موضوع کوئی اور ہے آسمانی
صحیفوں کا مقصد کچھ اس سے بڑھ کر ہے اور رسولوں کی طویل محنت اور جہاد کا موضوع بھی
اس سے زیادہ طویل و عریض اور پر مغز و دقیق ہے ! اور یہ بھی کہ اس توحید کی ضرورت
اور اہمیت بجا مگر اس کے سوا اور بھی تو زمانے میں غم ہوسکتے ہیں جن کا علاج بھی
ایک انبیاءہی کا فرض تھا !پھر یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ انبیاءنے ایک شرک کے سوا دنیا
کے اور کسی غم کا حال نہ پوچھا ہویا انسانیت کا کوئی دکھ مداوا کئے بغیر چھوڑدیا
ہو!
مگر سوال یہ ہے کہ
دنیا میں کونسی دعوت ایسی ہے جو چند لفظوں میں بیان نہ ہوسکتی ہو ؟ انسانیت
کاکونسا بنیادی مسئلہ ایسا ہے جو ایک صفحے میں عرض نہ کیا جاسکے؟ کونسا ازم کونسا
فلسفہ کونسا دین کونسا فرقہ یا کونسی جماعت اور تحریک دنیا میں ایسی ہے جس کا مدعا
چند جملوں میں نہ آجاتا ہو؟ پھر اتنا لٹریچر اتنی کتابیں اتنے پرچے اور رسالے اتنی
تقریریں کانفرنسیں ، جلسے اور جلوس آخر کس موضوع پر ہوجایا کرتے ہیں ؟ اور کیااتنا
کچھ لکھنے اور بولنے کے لیے اسے ’تبدیلی ءموضوع‘ کی ضرورت پڑجایا کرتی ہے یا پھر
یہ ساراجوش اسی ایک ’بنیادی موضوع‘ کا مرہون منت ہوتا ہے ؟؟؟ پھر جن ادیبوں اور
شاعروں کی قادرالکلامی پر دنیا کو بڑا ناز ہے انہی کو لے لیجئے ! یہ شمع اور
پروانے کی کہانی کو بھلا کتنے لفظ چاہئیں ! یا رخِ یا ر کی حکایت کتنی طویل ہونی
چاہیے ! محبوب کا روٹھ جانا یاروٹھ کر مان جانا کتنا وسیع موضوع ہوسکتا ہے ! یہ
وصل اور ہجر کی داستان کو کتنے صفحے درکار ہیں ! رقیب یا ناصح کے کرتوت بتانے میں
کتنا وقت لگتا ہے!؟ پھر یہ شاعری کے طویل و عریض دیوان آخر کن باتوں سے بھر ے ہیں
جبکہ خیال یہ ہو جو کہ غلط بھی نہیں کہ بڑے بڑے شاعر دریا کو کوزے میں بند کرتے
ہیں !اور دیکھ لیجئے ! یہ وطن کے نغمے دنیا میں کبھی ختم کیوں نہیں ہوتے ؟ اخباروں
اور رسالوں اور سیاستدانوں کی تقریروں میں ’قومی ترقی‘ کی گردان رکنے میں کیوں
نہیں آتی ؟ غربت اور افلاس کا رونا تھم کیوں نہیں جاتا؟ ظلم اور استحصال کی داستان
کا ایک بار خلاصہ کرکے چھوڑ کیوںنہیں دیا جاتا ؟ آزادی کی خوشی کبھی پرانی کیوں
نہیں ہوتی ؟ مٹی میں دفن انسانو ں کے مناقب اور انکے لیے زندہ و پائندہ باد کے
نعرے فرسودہ کیوں نہیں ہوجاتے ؟ بر س ہا برس تک قومی تقریبات پر جو کچھ لکھا اور
کہا جاتا ہے اور موجودہ دور میں قومی نظریے پر جو جو کچھ چھپتا ہے اور اداروں میں
پڑھایا جاتا ہے اس کی تلخیص کرنے پر آئیں تو آخر کتنے صفحوں کی ضرورت پڑے گی؟
بات یہ ہے کہ حقائق
الفاظ سے بہت بڑے ہوتے ہیں یو ں کہیں کہ الفاظ حقائق کا احاطہ کرنے کے لیے ہوتے ہی
نہیں ۔ وہ صرف حقائق کی جانب انسان کی توجہ مبذول کراتے ہیں ۔ اس لیے انسان جب کسی
حقیقت پر ایما ن لے آتا ہے ۔ اور وہ حقیقت اس کے دل میں اترتی ہے تو پھر الفاظ سے
اسکی تسلی نہیں ہوتی !تب وہ بار بار وہی الفاظ بولتا ہے اور تکرار سے اسکی کمی دور
کرتا ہے پیرائے بدل بدل کر وہی ایک بات کرتا ہے کچھ دیر ٹھہر لیتا ہے تو پھر وہی
بات کرتا ہے ۔ ادھر ادھر کی کوئی بات کرلے تو واپس پھر وہیں لوٹ آتا ہے کسی اور کو
اس سے لاکھ بوریت ہو مگر وہ اسی بات میں لطف لیتا ہے۔ اسی لیے تو ہم کہتے ہیں ہر
آدمی ہر گروہ اور ہر قوم کو غور کرتے رہنا چاہیے کہ وہ کونسی بات ہے جسے بار بار
کرنے میں اسے لطف آتا ہے اور جس کی تکرار میں ہی اسکو راحت اور سکون ملتا ہے ۔ یہی
چیز دراصل اسکا ’دین‘ ہوا کرتی ہے۔
رب العالمین نے بھی
چونکہ اپنے کلام میں انسان سے انسان کی زبان میں خطاب فرمایا ہے اس لیے انسان کی
اس ضرورت کا پورا پورا لحاظ رکھا ہے اس نے پورے قرآن میں اپنی صفات کا تعارف اپنی
بندگی کی حقیقت اور اپنی واحدانیت کا ذکر یو ں پھیلا دیا کہ آپ کوئی صفحہ کھولیں
یہی با ت آپکو نئے سے نئے اور عمد ہ سے عمدہ پیرائے میں ملے گی اور صبح بہار سے تازہ
اور سورج سے روشن لگے گی ! یہ دل نشین بات اس نے قرآن کے ہر قصے ، واقعے اور مسائل
واحکام کے ہر حکم ، ہر مسئلے اور آیت میں یوں سمو دی ہے کہ آپ اس کی ہر بات کے پس
منظر میں یہی بات دیکھیں گے یو ں آپکو بس قرآن پڑھنے کی ضرورت ہے آپ سے آپ بندگی
کی حقیقت آپ میں رچ بس جائے گی اﷲ کی عظمت خود بخود آپکے دل میں گھر کرلے گی او ر
اسکی ہمسری آپکو دنیا میں سب سے بڑی برائی اور انسانیت کا سب سے سنگین جرم نظر آئے
گا قرآن کی ترجیحات جس بے ساختگی سے آپکی ترجیحات بنیں گی اسی نسبت سے آپکا دین
اسلام ہوتا جائےگا ! تب آپ دین کی کوئی بات کریں گے اس کے اندر سے قرآن کی یہی
حقیقت صاف جھلکتی دکھائی دے گی مگر یہ نعمت اﷲ سے طلب کرنی پڑتی ہے ورنہ قرآن سے
سوائے اس ایک چیزکے سب کچھ ملتا ہے ۔۔خوش قسمت ہے وہ جو قران سے قرآن کا مضمون پڑھ
لے۔
شھداﷲ انہ لاالہ الا
ھو والملائکہ واولوالعلم قائما بالقسط لا الہ الا ھو العزیز الحکیم ان الدین عنداﷲ
الاسلام (آل عمران 18-19)
"اﷲ نے خود اس بات کی شہادت دی ہے کہ ایک اس کے سوا کوئی الہ
کوئی بندگی کے لائق نہیں ۔۔۔ پوری راستی اور انصا ف کے ساتھ۔۔ اس پر سب فرشتے گواہ
ہیں اور علم رکھنے والی تو ہرہر ہستی یہی شہادت دیتی ہے کہ ایک اس زبردست قوت اور
حکمت والے کے سوا فی الواقع کوئی الہ کوئی بندگی کے لائق نہیں ۔ اﷲ کے نزدیک تو
دین یہی اسلا م ہے" [آیت میں اسلام پر’ ال‘ اگر استغراق کا لیا جائے تو مفہوم
ہوگا ” اﷲ کے نزدیک جو دین ہے وہ تو ہے پورا اسلام“ یا یہ کہ ” اﷲ کے نزدیک جو دین
ہے وہ تو ہے پورا پورا جھک جانا“ اور اگر یہ ’ال‘ عہد کےلئے ہو تو مفہوم ہو گا ”
اﷲ کے نزدیک دین تو یہی اسلام ہے“ یا یہ کہ” اﷲ کے نزدیک دین تو ایسا ہی جھک جانا
ہے“ اس صورت میں پہلی آیت کو ساتھ ملا کرمراد ہوگی :”اﷲ کے نزدیک تو دین صرف ایسا
ہی اسلام ہے یا ایسا ہی جھک جانا ہے جو اس لا الہ الا اﷲ کی عملی شہادت ہو “یا یہ
کہ ”یہ لا الہ الا اﷲ ہی اصل اسلام ہے“ کیونکہ پہلی آیت میں یہ کلمہ دو بار پے در
پے گزرا ہے]
اس آیت میں آپ
نے" اولوالعلم" کے الفاظ پر غور فرمایا ! یعنی اصل علم کی بات یہی ہے کہ
آدمی اس لاالہ الااﷲ کی شہادت دے ۔ اﷲ کے لیے اس کی بندگی اور پرستش کا بار بار
اثبات کرے اور غیر اﷲ سے بار بار اسکی نفی و انکار ۔۔۔ ہر انداز ہر پیرائے میں کرے
’دل سے کرے‘ زبان سے کرے اور عمل کے ہر ہر پہلو سے کرے۔۔۔ یہ اس سے بطور فر د بھی
مطلوب ہے اور بطور جماعت اورتحریک بھی ۔ بطور کنبہ بھی مطلوب ہے اور بطور قوم،
ملک، سلطنت بھی ۔ اس کے سوا کچھ بھی مطلوب ہے تو اسی کی نسبت اور اسی کے حوالے سے
مطلوب ہے فرشتوں اور علم والی ہستیوں کا بھی یہی مطلوب ہے وجود میں ہر چیز کا یہی
مقصود ہے ۔۔۔ حقیقی علم یہی ہے جسے لا الہ الااﷲ کے چند لفظوں میں سمیٹ دیا گیا ہے
باقی سب اس کی تفسیر ہے ! پوراد ین اسی ایک کلمہ کی وضاحت ہے ! پھر یہ انسان کیا
ہے اور یہ معاشرے کیا چیز ہیں، جو انکی زندگی اس کلمہ کی تعبیر نہ ہو۔
اس دین کی روشنی میں
۔۔ اﷲ کی کتاب اور رسول کی سنت کی پیروی ۔۔۔ اور سلف امت کے انداز میں ۔۔۔ اس لا
الہ الااﷲ کی تفسیر ہوتی رہنا ضروری ہے ہر دل کا حال ضرور دوسرے سے مختلف ہے ہر
شخص کی حالت جد اہوتی ہے ہر دور کے مسائل اور ہوتے ہیں ہر ملک ہر زمانے کے بت الگ
ہوتے ہیں مگر اس لا الہ الااﷲ کی تفسیر ہر جگہ ہر دور میں ہر ملک میں ہونا ضروری ہے
۔ اﷲ کی بندگی ہر حال میں ہرشکل میں ہر انداز میں ہونا ضروری ہے ۔ طاغوتوں سے اسکی
نفی و انکار ہر حال میں ہر شکل میں ہر انداز میں ہونا ضروری ہے ۔۔۔ اﷲ کے رسول جب
بھی نماز سے سلام پھیرتے ان کلمات کی پکار لگاتے لاالہ الا اﷲ وحدہ لاشریک لہ لہ
الملک و لہ الحمد ، وھو علی کل شیءقدیر لا حول ولا قوہ الاباﷲ لا الہ الا اﷲ ولا
نعبد الا ایاہ مخلصین لہ الدین ولوکر ہ الکافرون ( رواہ مسلم عن عبداﷲ بن الزبیر
عن النبی) ”اﷲ کے سواکوئی بندگی اور پرستش کے لائق نہیں وہ وحدہ لاشریک ہے بادشاہی
ایک اسی کی ہے حمد و تعریف صر ف اسی کا حق ہے اسی کی قدرت میں ہر چیز ہے ۔ کوئی
زورنہیں کوئی طاقت نہیں اس سے لئے بغیر ۔ خدائی کسی کی ہے نہیں اس ایک کے سوا ۔ہم
پوجیں گے تو صرف اسی کو- مانیں گے تو ایک اسی کی ۔۔۔ چاہے کافروں کو یہ سب کتنا
بھی برالگے “
یہ کام یعنی لا الہ
الا اﷲ کی عملی تفسیر ، جو کہ زندگی کا مقصد ہے اور نجات کا آسرا بہت عظیم ہے اور
اس پر آدمی اﷲ ہی سے مدد طلب کر سکتا ہے۔ بلکہ کرتا تو ہے حضور قلب اور شعور کے
ساتھ کرنا چاہیے۔ اھدنا الصراط المستقیم۔ مگر اس کی سمجھ اور یاد دہانی کےلئے اور
دین کی حقیقت معلوم کرنے اور اسے بار بار ذھنوں میں تازہ کرنے کےلئے مل بیٹھتے
رہنا بھی سلف کی سنت ہے۔ مل بیٹھنے کو عربی میں مجلس کہا جاتا ہے اور یاد دہانی کو
ذکر یا تذکیر۔ مجالس ذکر کا تذکرہ آپ اکثر حدیث کی کتب میں پڑھتے ہوں گے۔ جبکہ اﷲ
کے رسول کہتے ہیں کہ افضل الذکر لا الہ الا اﷲ ہے!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موجودہ زمانے میں
جہاں ذرائع مواصلات ترقی کر گئے ہیں وہاں مل بیٹھنے کی بھی نئی سے نئی شکلیں
دریافت ہو رہی ہیں۔’پرچہ‘ اگرچہ اب ’ مل بیٹھنے کی نئی شکل‘ کی تعریف میں نہیں آتا
مگر تاحال یہ مجلس جمانے کی ایک مفید اور مؤثر شکل ضرور ہے۔”ایقاظ“ کو بس آپ ”یاد
دہانی“ کی ایک ایسی ہی ”مجلس“ سمجھیے! یہ مجلس فی الحال سہ ماہی ہے ۔ اﷲ کو اگر
منظور ہوا تو اس کا دورانیہ کم کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔
کوئی بھی نیا پرچہ
نکلنے پر ، ایک اس کے پڑھنے والے پر ہی موقوف نہیں نہ پڑھنے والوں کو بھی یہ تجسس
ہوتا ہے کہ ’باعث تحریر آن‘ کیا ہے یا کیاہوگا۔ غالباً اس حوالے سے ہی یہ گزارشات
کافی ہوں گی۔
ایقاظ کو جب ہم نے
’مجلس‘ کا نام دے ہی دیا تو اب اس میں ہر شخص کو سننے اور سنانے کی کھلی دعوت بھی
ہونی چاہیے! حضرات ”ایقاظ“ کا یہ منبر آپ سب کےلئے دھرا ہے لہٰذا اس فورم پر کوئی
بھی شخص اظہار خیال کر سکتا ہے۔ البتہ فورم کے موضوع سے مطابقت رہنا ضروری ہے۔
فورم کے منتظمین بھی سنانے سے زیادہ سننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ آزمائش شرط ہے!
’مجلس‘ کے حوالے سے یہ بات بھی ہو جائے کہ ’ایقاظ‘ کا یہ
مقصد کچھ ’ایقاظ‘ ہی کے ساتھ خاص نہیں۔ یہ امت بہت بڑی ہے اور ہماری رائے میں اردو
کی ایسی بلکہ اس سے بہتر مجالس یقینا اور بہت ہو سکتی ہیں۔ پھر مقصد کی بات ہو تو
ایک مجلس کے شرکاءدوسری مجلس میں بے تکلف آجا بھی سکتے ہیں۔ بلکہ ہم تو مجلس کی
خصوصیت کے بھی قائل نہیں صرف مقصد کی خصوصیت کے قائل ہیں۔ لہٰذا ’جسے چلنا ہو وہ
ہمارے سنگ چلے‘ ایسے لفظ آپ ہماری زبان سے انشاءاﷲ کبھی نہیں سنیں گے۔ بہر حال
مسلمانوں میں پھوٹ ڈالنامقصود نہ ہو تو کسی بھی نیک مقصد کےلئے کثرت مجالس ہر گز
نقصان دہ نہیں۔۔ بلکہ فائدہ مند ہے۔
’ایقاظ‘ کا اس سے پہلے ایک شمارہ آچکا ہے جو کہ ادارہ سے
قیمتاً طلب کیا جا سکتا ہے۔ آپ کو یہ بتانا ہمارے خیال میں باعث مضائقہ نہیں کہ
’ایقاظ‘ لوگوں تک پہنچانے کےلئے ہمیں آپ کی مدد درکار ہے۔ آپ کا اجر اﷲ کے ذمے!
’ایقاظ‘ کا مطلب عربی زبان میں: جگانا اور بےدار کرنا ہے۔ اس
عنوان سے اگرچہ کاروان امت کے ’پھر سے جادہ پیما ہونے‘ کی صدا بھی آسکتی ہے، جو کہ
ہر مسلمان کی آرزو ہے اور کبھی نہ کبھی تو انشاءاﷲ اسے پوری ہو کر رہنا ہے مگر
ہمیں اس سے فی الحال یہ پیغام دینے میں دلچسپی زیادہ ہے کہ اس وقت مسلم قوموں اور
معاشروں میں عموماً اسلام کی حقیقت اور توحید کی فطرت مری نہیں صرف سوئی ہوئی ہے
جسے اﷲ کی مدد سے بیدار کیا جا سکتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ امت کے اہل علم اور با
اثر افراد ذرا مل کر زور لگائیں تو یہ کام مشکل نہیں۔ ہمارے خیال میں امت کے اٹھ
کر پھر سے چل پڑنے میں اس کے علاوہ اور کوئی رکاوٹ نہیں!
حسبی اﷲ لا الہ الا
ھو علیہ توکلت وھو رب العرش العظیم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔